دھوپ یا کھلی فضا میں وقت گزارنا خطرناک بیماری کے امکانات کم کر سکتا ہے

تحقیق جرنل سائیکیٹری میں شائع ہوئی


ویب ڈیسک July 01, 2026

ایک نئی تحقیق کے مطابق روزانہ مناسب وقت دھوپ یا کھلی فضا میں گزارنا ڈیمینشیا کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

چین کے محققین کو ایک مطالعے میں معلوم ہوا کہ جو افراد اوسطاً روزانہ 42 منٹ سے کم وقت گھر سے باہر گزارتے ہیں، ان میں ڈیمنشیا لاحق ہونے کا خطرہ نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق جتنا زیادہ وقت لوگ روزانہ باہر گزارتے ہیں، اتنا ہی اس بیماری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

جرنل سائیکیٹری میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق اس کے فوائد صرف دھوپ والے دنوں تک محدود نہیں بلکہ ابر آلود موسم میں بھی باقاعدگی سے باہر وقت گزارنے سے بعد کی زندگی میں ڈیمنشیا کا خطرہ 16 فی صد تک کم ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ سورج کی روشنی یا کھلی فضا ڈیمنشیا کے خطرے میں کمی سے کیسے منسلک ہے۔ ایک رائے یہ ہے کہ جو افراد پہلے ہی کمزور صحت کے حامل ہوتے ہیں اور ڈیمنشیا کے زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں، وہ عموماً گھر سے کم باہر نکلتے ہیں۔

دوسری جانب بعض ماہرین کے مطابق سورج کی روشنی جسم کے سرکیڈین ردھم (یعنی جسمانی حیاتیاتی گھڑی) کو منظم رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جس سے بہتر نیند، جسمانی افعال میں توازن اور ممکنہ طور پر دماغی صحت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

تاہم، محققین کا کہنا تھا کہ ان نتائج کی مزید تحقیق سے تصدیق ضروری ہے اور یہ تحقیق صرف تعلق ظاہر کرتی ہے، یہ ثابت نہیں کرتی کہ زیادہ دھوپ لینا براہِ راست ڈیمنشیا سے بچاتا ہے۔