چین: انسان نما روبوٹس نے فیکٹری میں 6 روزہ مسلسل ڈیوٹی کامیابی سے مکمل کر لی

پروڈکشن لائن پر مسلسل چھ روز کام کرتے ہوئے 99.99 فی صد کامیابی کے ساتھ 60 ہزار سے زائد صنعتی کام مکمل کیے


ویب ڈیسک July 01, 2026

چین میں انسان نما روبوٹس نے ایک فیکٹری کی پروڈکشن لائن پر مسلسل چھ روز کام کرتے ہوئے 99.99 فی صد کامیابی کے ساتھ 60 ہزار سے زائد صنعتی کام مکمل کر لیے۔

رپورٹ کے مطابق اگی بوٹ کے تیار کردہ روبوٹس نے مشرقی چین کے شہر نینچینگ میں واقع ایک فیکٹری میں 64 گھنٹوں سے زیادہ وقت تک کوالٹی کنٹرول، معائنہ اور سامان کی منتقلی جیسے فرائض انجام دیے۔ اس پورے عمل کی براہِ راست نشریات بھی کی گئیں۔

اگی بوٹ کے سینئر نائب صدر یاؤ ماؤچنگ کا کہنا تھا کہ انسان نما روبوٹس کے شعبے میں اب اصل سوال یہ نہیں کہ روبوٹ کیا کر سکتے ہیں بلکہ یہ ہے کہ آیا انہیں حقیقی صنعتی ماحول میں مؤثر انداز میں تعینات کر کے عملی فائدہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اس تجربے کا مقصد یہ دکھانا تھا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والے انسان نما روبوٹس مسلسل کئی دن تک حقیقی پیداواری ماحول میں قابلِ اعتماد طریقے سے کام کر سکتے ہیں۔

کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ اب تک 15 ہزار سے زائد روبوٹس تیار کر چکی ہے، جو بڑے پیمانے پر حقیقی دنیا میں روبوٹس کی تعیناتی کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

دوسری جانب چین کے 2026 سے 2030 کے نئے پانچ سالہ اقتصادی منصوبے میں انسان نما روبوٹس کو ملک کی ترقی کے لیے ترجیحی 10 اہم صنعتی شعبوں میں شامل کیا گیا ہے۔