سوئمنگ چیمپئن شپ: نوجوان تیراک زایان نے تین طلائی اور دو چاندی کے تمغے حاصل کر لیے

زایان  انڈر 10 کیٹیگری میں 50 میٹر بیک اسٹروک کے قومی ریکارڈ ہولڈر بھی ہیں


ویب ڈیسک July 01, 2026

نوجوان تیراک زایان نے قومی سطح کی سوئمنگ چیمپئن شپ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر تین طلائی اور دو چاندی کے تمغے حاصل کیےہیں۔

زایان نے 50 میٹر بیک اسٹروک، 100 میٹر بیک اسٹروک اور 100 میٹر فری اسٹائل کے مقابلوں میں شاندار تیراکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 200 میٹر فری اسٹائل اور 200 میٹر انفرادی میڈلے میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے سلور میڈلز جیتے۔

زایان  انڈر 10 کیٹیگری میں 50 میٹر بیک اسٹروک کے قومی ریکارڈ ہولڈر بھی ہیں۔ انہوں نے اپنی برق رفتار اور بہترین تکنیک کے ذریعے یہ اعزاز حاصل کیا، جو ان کی محنت، مستقل مزاجی اور غیر معمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

زایان کی مسلسل کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان میں نوجوان کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر رہے ہیں۔

اہلِ خانہ، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے زایان کی اس شاندار کامیابی پر اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ مستقبل میں مزید قومی ریکارڈ قائم کریں گے اور عالمی مقابلوں میں بھی پاکستان کے لیے اعزازات حاصل کریں گے۔