کاراکاس: وینزویلا میں حالیہ تباہ کن زلزلوں سے ہونے والے بڑے جانی و مالی نقصان کے بعد حکومت نے ملک بھر میں ایک ہفتے کے قومی سوگ کا اعلان کر دیا ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے اعلان کیا ہے کہ آج سے پورے ملک میں سات روزہ قومی سوگ منایا جائے گا تاکہ زلزلوں میں جان گنوانے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق زلزلوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2300 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 10 ہزار 571 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ 43 ہزار سے زائد افراد تاحال لاپتا بتائے جا رہے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ قدرتی آفت سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 68 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، جس سے امدادی اداروں کو بڑے انسانی بحران کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین یو این ایچ سی آر کے مطابق دارالحکومت کاراکاس کے شمال میں واقع ساحلی شہر لا گوائرا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں خوراک کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے، بنیادی ڈھانچہ بری طرح تباہ ہو چکا ہے اور مواصلاتی نظام بھی تقریباً مفلوج ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں تک خوراک، پانی اور دیگر ضروری سامان پہنچانے میں مصروف ہیں۔
ماہرین کے مطابق حالیہ زلزلے وینزویلا کی تاریخ کی بدترین قدرتی آفات میں شمار کیے جا رہے ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
ادھر عالمی برادری اور مختلف امدادی تنظیموں نے وینزویلا کے لیے ہنگامی انسانی امداد بڑھانے کی اپیل کی ہے تاکہ متاثرہ لاکھوں افراد کی فوری مدد ممکن بنائی جا سکے۔