’ایسا استقبال کہیں نہیں ہوا‘، عمران ہاشمی پاکستانیوں کی مہمان نوازی کے معترف

پاکستان میں میری فلموں کو بے پناہ پذیرائی حاصل رہی ہے، عمران ہاشمی


ویب ڈیسک July 03, 2026

بالی ووڈ کے معروف اداکار عمران ہاشمی نے پاکستان میں ملنے والی محبت اور مہمان نوازی کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور کا دورہ ان کے لیے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ تھا۔

ایک بھارتی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عمران ہاشمی نے بتایا کہ ان کی فلم ’آوارہ پن‘ کی ریلیز کے موقع پر وہ مہیش بھٹ کے ہمراہ لاہور آئے تھے جہاں مداحوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔

ان کے مطابق پاکستان میں ملنے والی محبت اور بہترین مہمان نوازی نے انہیں حیران کر دیا تھا۔

عمران ہاشمی نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہندی فلموں کے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے اور لوگ بھارتی فلموں کو بے حد پسند کرتے ہیں۔

انہوں نے فلم ’جنت‘ کے دوران پیش آنے والے ہجوم کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مداحوں کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ وہاں ان کی فلموں کو بے پناہ پذیرائی حاصل رہی ہے۔