سپر ماڈل کارلی کلوس نے ڈونلڈ ٹرمپ سے تعلقات پر خاموشی توڑ دی، اہم وضاحت سامنے آگئی

اکثر کارلی کلوس کا نام ٹرمپ خاندان کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے


ویب ڈیسک July 03, 2026

امریکی سپر ماڈل کارلی کلوس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے تعلقات کے حوالے سے گردش کرنے والے تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاندانی رشتہ ہونے کے باوجود ان کی کبھی امریکی صدر سے ملاقات تک نہیں ہوئی۔

بلوم برگ اوریجنلز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کارلی کلوس نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے آج تک کبھی نہیں ملیں۔ ان سے جب ان کے شوہر کے خاندان کی سیاسی وابستگی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اپنی شناخت، اپنے نظریات اور اپنی اقدار سے بخوبی واقف ہیں اور کبھی بھی اپنی ذاتی سوچ سے دستبردار نہیں ہوئیں، تاہم یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ یہ ان کے شوہر کا خاندان ہے۔

33 سالہ سپر ماڈل نے واضح کیا کہ وہ ریپبلکن پارٹی کی حامی نہیں بلکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ووٹر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے افراد کے ساتھ خاندانی یا سماجی تعلقات رکھنا بالکل ممکن ہے، کیونکہ امریکا کی روایت ہمیشہ اختلافِ رائے کو قبول کرنے اور مکالمے کو فروغ دینے کی رہی ہے۔

کارلی کلوس نے اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی کے سیاسی خیالات اس کی ذاتی شناخت کا مکمل تعارف نہیں ہوتے اور مختلف نظریات کے باوجود باہمی احترام کے ساتھ تعلقات برقرار رکھے جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ کارلی کلوس نے 2018 میں جوشوا کشنر سے شادی کی تھی۔ جوشوا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے بھائی ہیں، جس کی وجہ سے اکثر کارلی کلوس کا نام بھی ٹرمپ خاندان کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے۔ تاہم حالیہ انٹرویو میں سپر ماڈل نے پہلی بار واضح الفاظ میں کہا کہ خاندانی تعلق کے باوجود ان کی ڈونلڈ ٹرمپ سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی اور ان کی سیاسی وابستگی بھی ٹرمپ یا ریپبلکن پارٹی سے مختلف ہے۔