امریکی پاپ گلوکارہ سبرینا کارپنٹر اور ایکواڈور کے فٹبالر پیئرو ہنکاپی کے درمیان مبینہ تعلقات کی خبریں سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہیں۔
یہ افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب گزشتہ ہفتے نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ کے دوران سبرینا کارپنٹر کو ایکواڈور کی ٹیم کی حمایت کرتے دیکھا گیا۔ ان کی اس موجودگی کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں ایکواڈور کے اسٹار ڈیفنڈر پیئرو ہنکاپی کے ساتھ جوڑنا شروع کردیا اور دونوں کے درمیان تعلقات سے متعلق مختلف دعوے گردش کرنے لگے۔
تاہم اب تک نہ سبرینا کارپنٹر نے ان خبروں پر کوئی مثبت ردعمل دیا ہے اور نہ ہی پیئرو ہنکاپی نے کسی رومانوی تعلق کی تصدیق کی ہے۔ دونوں کا مؤقف یہی ہے کہ وہ اس وقت سنگل ہیں، جس کے باعث ڈیٹنگ سے متعلق تمام دعوے محض قیاس آرائیاں سمجھے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب پیئرو ہنکاپی حالیہ دنوں ایک اور وجہ سے بھی خبروں میں رہے۔ میکسیکو کے خلاف ورلڈ کپ میچ کے دوران مخالف کھلاڑی سے گفتگو کرتے وقت انہوں نے اپنا منہ ڈھانپ لیا تھا، جس پر وی اے آر (VAR) کی مداخلت کے بعد ریفری نے انہیں ریڈ کارڈ دکھا دیا، اور یہ واقعہ بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
واضح رہے کہ سبرینا کارپنٹر کا نام ماضی میں بھی متعدد معروف شخصیات کے ساتھ جوڑا جا چکا ہے، جن میں بیری کیوگھن، جوشوا باسٹ اور شان مینڈیس شامل ہیں، تاہم ان میں سے بیشتر خبروں کی کبھی باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔ حالیہ افواہوں پر بھی دونوں ستاروں کی خاموشی کے باعث سوشل میڈیا پر بحث کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔