کراچی کے علاقے بلدیہ حب ریور روڈ سعید آباد تھانے کے قریب تیز رفتار لوڈنگ شہزور ٹرک ٹریلر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لوڈنگ ٹرک کے حادثے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پاتے ہوئے متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں کی مدد سے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ جاں بحق شخص کی شناخت 35 سالہ سمیع اللہ کے نام سے ہوئی جو سامان سے لدے ہوئے شہزور کا ڈرائیور تھا جبکہ 30 سالہ ارشد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ حادثہ سڑک کے کنارے کھڑے ہوئے ٹریلر سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا تھا جس میں شہزور ٹرک کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا تاہم پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔