کراچی میں یلو لائن منصوبہ کرپشن کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو عدالت نے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
صوبائی اینٹی کرپشن عدالت میں یلو لائن منصوبہ کرپشن کیس کی سماعت کے دوران سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے موقع پر ملزم ضمیر عباسی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروٹوکول کو چھوڑ کر ان سے یہ پوچھا جائے کہ مقدمہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یلو لائن منصوبہ جاری ہے اور اس میں ایک پیسہ بھی ادھر ادھر نہیں ہوا۔
ضمیر عباسی نے مزید کہا کہ دوران تفتیش ان سے 128 سوالات کیے گئے لیکن وہ بار بار یہی پوچھتے رہے کہ اصل کیس کیا ہے۔ اینٹی کرپشن پولیس کو خود بھی نہیں معلوم کہ مقدمہ کیا ہے۔