اسلام آباد:
اپنا گھر پروگرام کے لیے فنانسنگ اسکیم کے تحت قرض لینا مزید آسان ہوگیا۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام میں نان بینکنگ کمپنیوں کو شامل کرکے ہاؤسنگ فنانس کے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔
وفاقی حکومت نے نان بینکنگ فنانس کمپنیوں کو اس اسکیم کا حصہ بنانے کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔ ایس ای سی پی نے کہا کہ نان بینکنگ ہاؤسنگ فنانس اور انویسٹمنٹ فنانس کمپنیاں ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کر سکیں گی۔
اس اقدام سے ہاؤسنگ فنانس کے لیے نیا فریم ورک بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق روایتی بینک اکاؤنٹ نہ رکھنے والے شہری بھی اب آسان شرائط پر ہاؤسنگ فنانس حاصل کر سکیں گے۔
مائیکرو فنانس کمپنیاں اپنا گھر اسکیم کے تحت 50 لاکھ روپے تک قرض دینے کی مجاز ہوں گی۔ اسکیم کے تحت ابتدائی 10 سال کے لیے صرف 5 فیصد شرح منافع پر قرض دستیاب ہوگا۔
ایس ای سی پی نے وضاحت کی کہ این بی ایف سیز کا نیٹ ورک ڈیجیٹل اور دُور دراز پسماندہ علاقوں تک پھیلا ہوا ہے، جس سے عام آدمی کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ یہ کمپنیاں بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کے اشتراک سے بھی قرض فراہم کر سکیں گی، جس سے ہاؤسنگ شعبے میں مالی شمولیت بڑھے گی۔