آم سے بننے والی 10 مزے دار اور ٹرینڈنگ ڈشز تیار کرنے کا آسان طریقہ

گھر میں آم زیادہ آجائیں، مہمان آنے والے ہوں یا بچوں کو کچھ نیا کھلانا ہو تو یہ 10 آسان ڈشز بہترین رہیں گی


ویب ڈیسک July 04, 2026

پاکستان میں گرمیوں کا موسم آتے ہی آم صرف ایک پھل نہیں رہتا بلکہ گھروں کے فریج، دسترخوان، دعوتوں اور سوشل میڈیا ریلز تک ہر جگہ اپنی موجودگی کا احساس دلاتا ہے۔

کبھی ٹھنڈا سندھڑی ہاتھ میں ہوتا ہے، کبھی چونسا پلیٹ میں سجا ہوتا ہے اور کبھی بچے بار بار یہی سوال کرتے ہیں کہ آج آم سے کیا بنے گا؟۔

یہی وجہ ہے کہ آم اب صرف چوسنے یا قتلے بنا کر کھانے تک محدود نہیں رہا، بلکہ اس سے ایسی بے شمار ڈشز تیار کی جا رہی ہیں جو نہ صرف ذائقے میں بھرپور ہوتی ہیں بلکہ دیکھنے میں بھی خوبصورت اور وائرل ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

گرمیوں میں آم کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ ایک ہی وقت میں میٹھا، خوشبودار، نرم اور قدرتی طور پر کریمی ساخت رکھنے والا پھل ہے، اس لیے اسے مشروبات، میٹھے، ٹھنڈی ڈشز، ناشتے اور حتیٰ کہ ہلکی نمکین ترکیبوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اگر گھر میں آم زیادہ آ جائیں، مہمان آنے والے ہوں یا بچوں کو کچھ نیا کھلانا ہو تو آم سے بننے والی یہ 10 آسان ڈشز بہترین رہیں گی:

1۔  مینگو شیک: آسان ترین اور سب کا پسندیدہ

آم سے بننے والی ڈشز کا ذکر مینگو شیک کے بغیر مکمل ہی نہیں ہوتا۔ پکے ہوئے آم کا گودا، ٹھنڈا دودھ، چند برف کے ٹکڑے اور اگر چاہیں تو ہلکی سی چینی یا شہد ملا کر چند سیکنڈ میں ایسا شیک تیار ہو جاتا ہے جو بچوں سے لے کر بڑوں تک سب کا پسندیدہ ہے۔

اگر اسے مزید کریمی بنانا ہو تو اس میں تھوڑی سی ونیلا آئس کریم یا گاڑھا دہی بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر تصاویر میں گلاس کے کنارے آم کے قتلے اور اوپر پستے یا بادام کی گارنش کے ساتھ پیش کیا گیا مینگو شیک ہمیشہ توجہ کھینچ لیتا ہے۔

اجزا: 2 پکے آم کا گودا، 2 گلاس ٹھنڈا دودھ، 2 سے 3 کھانے کے چمچ چینی یا شہد، برف حسبِ ضرورت، آدھا کپ آئس کریم (اختیاری)

طریقہ: آم کا گودا، دودھ، چینی اور برف بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ اگر زیادہ کریمی ذائقہ چاہیے تو اس میں تھوڑی آئس کریم بھی شامل کر دیں۔

ٹھنڈا کر کے گلاس میں ڈالیں اور اوپر آم کے قتلے یا بادام پستے سے سجا کر پیش کریں۔

2۔ مینگو اسموتھی باؤل: ناشتے کا خوبصورت آئیڈیا

اگر آپ عام شیک سے کچھ مختلف بنانا چاہتے ہیں تو مینگو اسموتھی باؤل ایک بہترین انتخاب ہو سکتا ہے۔

آم کے گودے کو دہی، کیلے یا تھوڑے سے دودھ کے ساتھ بلینڈ کر کے گاڑھا مکسچر تیار کریں، پھر اسے باؤل میں نکال کر اوپر آم کے چھوٹے قتلے، چیا سیڈز، گرینولا، ناریل کی باریک تہہ یا چند بیریز سجا دیں۔

یہ ڈش نہ صرف دیکھنے میں بہت خوبصورت لگتی ہے بلکہ ناشتے یا شام کے ہلکے اسنیک کے طور پر بھی بہترین رہتی ہے۔

اجزا: 1 بڑا آم، آدھا کیلا، آدھا کپ دہی، چند برف کے ٹکڑے، 1 کھانے کا چمچ شہد، اوپر سجانے کے لیے گرینولا، چیا سیڈز، آم کے ٹکڑے

طریقہ: آم، کیلا، دہی، شہد اور برف بلینڈ کر کے گاڑھا مکسچر بنا لیں۔ اسے باؤل میں نکالیں اور اوپر گرینولا، آم کے قتلے، چیا سیڈز یا اپنی پسند کے پھل سجا دیں۔

مینگو فالودہ: دیسی ٹھنڈک اور مٹھاس

پاکستان اور برصغیر کے ذائقوں میں فالودہ کی اپنی الگ ہی جگہ ہے اور جب اس میں آم شامل ہو جائے تو اس کی کشش اور بڑھ جاتی ہے۔

جیلی، فالودہ سیویاں، ٹھنڈا دودھ، آم کا گودا، آئس کریم اور اوپر سے کٹے ہوئے آم کے قتلے مل کر ایسی ڈش بناتے ہیں جو افطار، دعوت یا ویک اینڈ ڈیزرٹ کے طور پر فوراً پسند کی جاتی ہے۔

اگر اسے لمبے گلاس میں تہہ در تہہ سجا کر پیش کیا جائے تو یہ نہ صرف مزیدار لگتی ہے بلکہ تصویروں اور ویڈیوز میں بھی بہت دلکش نظر آتی ہے۔

اجزا: 1 کپ آم کا گودا، 2 گلاس ٹھنڈا دودھ، فالودہ سیویاں، جیلی کیوبز، 2 اسکوپ ونیلا آئس کریم، چینی حسبِ ذائقہ، برف

طریقہ: فالودہ سیویاں اُبال کر ٹھنڈی کر لیں۔ ایک گلاس میں پہلے سیویاں، پھر جیلی، پھر آم کا گودا، اس کے بعد ٹھنڈا دودھ اور آخر میں آئس کریم شامل کریں۔

اوپر سے آم کے ٹکڑے ڈالیں اور فوراً ٹھنڈا ٹھنڈا سرو کریں۔

مینگو آئس کریم: آسان ٹھنڈی ڈش

گرمیوں میں گھر کی بنی ہوئی مینگو آئس کریم ایک ایسی چیز ہے جو بچوں اور بڑوں دونوں کو خوش کر دیتی ہے۔

اس کے لیے آم کا گودا، فریش کریم، کنڈینسڈ ملک یا میٹھی کریم اور تھوڑی سی ونیلا شامل کر کے مکسچر تیار کیا جا سکتا ہے۔ اسے فریزر میں جما کر اوپر آم کے چھوٹے ٹکڑوں یا خشک میوہ جات کے ساتھ سرو کیا جائے تو یہ بازار کی آئس کریم کا بھی اچھا متبادل بن سکتی ہے۔

بہت سے لوگ اس میں بسکٹ کرمبز یا مینگو سوس کی تہہ ڈال کر اسے مزید ’ڈیزرٹ اسٹائل‘ بھی بنا لیتے ہیں۔

اجزا: 2 کپ آم کا گودا، 1 کپ فریش کریم، آدھا کپ کنڈینسڈ ملک، 1 چائے کا چمچ ونیلا ایسنس

طریقہ: تمام اجزا ایک بڑے باؤل میں ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں یا بلینڈ کر لیں۔ مکسچر کو ایئر ٹائٹ ڈبے میں ڈال کر 6 سے 8 گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔

جمنے کے بعد اسکوپس بنا کر اوپر آم کے ٹکڑوں یا مینگو سوس کے ساتھ پیش کریں۔

مینگو چیزکیک: کم محنت، پارٹی اسٹائل

اگر آپ آم سے ایسی ڈش بنانا چاہتے ہیں جو مہمانوں کے سامنے رکھ کر فوراً تعریفیں سمیٹ لے، تو مینگو چیزکیک بہترین انتخاب ہے۔

بسکٹ کی تہہ، کریم چیز یا کریم کے آمیزے اور اوپر آم کے پیوری کی تہہ سے تیار ہونے والا یہ ڈیزرٹ دیکھنے میں جتنا خوبصورت ہوتا ہے، ذائقے میں بھی اتنا ہی بھرپور لگتا ہے۔

اچھی بات یہ ہے کہ اسے بیک کیے بغیر بھی تیار کیا جا سکتا ہے۔ آج کل سوشل میڈیا پر’نو بیک مینگو چیزکیک‘ خاصا وائرل ہے کیونکہ یہ نسبتاً آسان، خوبصورت اور گھر میں بننے کے قابل ڈش ہے۔

اجزا: 1 پیکٹ بسکٹ، 4 کھانے کے چمچ پگھلا ہوا مکھن، 1 کپ کریم چیز، آدھا کپ فریش کریم، آدھا کپ چینی، 1 کپ آم کی پیوری

طریقہ: بسکٹ کو کرش کر کے مکھن میں ملا کر ڈش کی تہہ میں جما دیں۔ الگ باؤل میں کریم چیز، کریم، چینی اور آم کی پیوری ملا کر ہموار مکسچر بنا لیں اور بسکٹ کی تہہ پر ڈال دیں۔

اسے چند گھنٹے فریج میں رکھیں، پھر اوپر آم کے قتلے سجا کر سرو کریں۔

آم کی فروٹ چاٹ: ہلکی، رنگین ، فرینڈلی

اگر گھر میں بچے ہوں یا آپ بہت بھاری ڈیزرٹ نہیں بنانا چاہتے تو آم کی فروٹ چاٹ بہترین انتخاب ہو سکتی ہے۔

آم کے قتلے، تربوز، خربوزہ، سیب، کیلا اور انگور جیسے پھل ایک بڑے باؤل میں ملا کر اس پر ہلکا سا لیموں، چاٹ مصالحہ یا پودینے کے چند پتے شامل کیے جا سکتے ہیں۔

اس میں آم شامل ہونے سے پوری فروٹ چاٹ کی مٹھاس اور خوشبو بڑھ جاتی ہے۔ یہ ڈش خاص طور پر دوپہر کے وقت، دعوتوں میں یا صحت کا خیال رکھنے والوں کے لیے زیادہ موزوں رہتی ہے۔

اجزا: 1 آم، 1 سیب، 1 کیلا، 1 کپ تربوز، 1 کپ خربوزہ، 1 کھانے کا چمچ لیموں کا رس، چاٹ مصالحہ حسبِ ذائقہ

طریقہ: تمام پھلوں کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر ایک بڑے باؤل میں ڈال دیں۔ اس پر لیموں کا رس اور ہلکا سا چاٹ مصالحہ چھڑکیں، پھر آہستہ سے مکس کریں۔

ٹھنڈا کر کے سرو کریں۔ اگر چاہیں تو پودینے کے پتے بھی شامل کر سکتے ہیں۔

مینگو لسی: روایتی ذائقہ اور دیسی ٹچ

دہی اور آم کا امتزاج گرمیوں کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے، اسی لیے مینگو لسی اب صرف ریستورانوں تک محدود نہیں رہی بلکہ گھروں میں بھی بہت مقبول ہو چکی ہے۔

ٹھنڈا دہی، آم کا گودا، تھوڑا سا دودھ اور حسبِ ذائقہ مٹھاس ملا کر ایسی لسی تیار کی جا سکتی ہے جو مینگو شیک سے ہلکی مگر ذائقے میں بھرپور محسوس ہوتی ہے۔

اگر اوپر سے زعفران، پستہ یا الائچی کا ہلکا سا فلیور دے دیا جائے تو یہ سادہ لسی سے ایک قدم آگے نکل جاتی ہے۔

اجزا: 1 کپ آم کا گودا، 1 کپ ٹھنڈا دہی، آدھا کپ دودھ، 2 کھانے کے چمچ چینی، چند برف کے ٹکڑے

طریقہ: تمام اجزا بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ اگر لسی زیادہ گاڑھی لگے تو تھوڑا مزید دودھ شامل کر دیں۔ گلاس میں ڈال کر اوپر پستہ یا الائچی پاؤڈر چھڑک دیں۔

یہ مینگو شیک سے ہلکی مگر بہت مزیدار ڈرنک بنتی ہے۔

مینگو ٹرائفل: ہر تقریب کی جان

ٹرائفل ان ڈشز میں شامل ہے جو بظاہر مشکل لگتی ہیں لیکن حقیقت میں کافی آسان ہوتی ہیں۔

اس میں کیک یا رسک کی تہہ، کسٹرڈ، آم کے قتلے، جیلی، کریم اور اوپر سے خشک میوہ جات یا آم کی پیوری شامل کر کے تہہ در تہہ ڈیزرٹ تیار کیا جا سکتا ہے۔

شیشے کے باؤل میں بنی ہوئی مینگو ٹرائفل نہ صرف خوبصورت لگتی ہے بلکہ ایک ہی ڈش میں کئی ذائقوں کا امتزاج بھی دے دیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گھریلو دعوتوں اور عید ویک اینڈ کے لیے یہ ایک  اسٹائلش آپشن سمجھی جاتی ہے۔

اجزا: اسفنج کیک یا رسک، 1 کپ کسٹرڈ، 1 کپ آم کے ٹکڑے، آدھا کپ جیلی، آدھا کپ کریم، آم کی پیوری

طریقہ: شیشے کے باؤل میں پہلے کیک یا رسک کی تہہ لگائیں، پھر کسٹرڈ ڈالیں، اس کے بعد آم کے ٹکڑے، جیلی اور کریم شامل کریں۔ اسی طرح 2 سے 3 تہیں بنائیں اور آخر میں اوپر آم کی پیوری یا قتلے سجا دیں۔ ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔

مینگو قلفی یا پاپسیکلز: بچوں کی کمزوری

اگر آپ گھر میں بچوں کے لیے بازار جیسی مگر نسبتاً بہتر چیز بنانا چاہتے ہیں تو مینگو پاپسیکلز یا قلفی ایک شاندار آئیڈیا ہے۔

آم کے گودے کو دودھ، کریم یا دہی کے ساتھ ملا کر سانچوں میں جما دیا جائے تو چند گھنٹوں بعد ٹھنڈی، میٹھی اور خوشبودار پاپسیکلز تیار ہو جاتی ہیں۔

یہ خاص طور پر ان گھروں میں مقبول ہوتی ہیں جہاں بچے بار بار آئس کریم یا کولڈ ٹریٹس مانگتے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس میں آپ اپنی پسند کے مطابق مٹھاس کم یا زیادہ رکھ سکتے ہیں۔

اجزا: 1 کپ آم کا گودا، 1 کپ دودھ، آدھا کپ کریم یا دہی، 2 کھانے کے چمچ شہد یا چینی

طریقہ: تمام اجزا ملا کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ مکسچر کو پاپسیکل مولڈ یا چھوٹے کپوں میں ڈال کر اسٹکس لگا دیں اور فریزر میں جما دیں۔ چند گھنٹوں بعد مزیدار مینگو پاپسیکلز تیار ہوں گی، جو بچوں کے لیے خاص طور پر بہترین رہتی ہیں۔

10۔ مینگو سالسا یا چٹپٹی سلاد : آم کا نمکین انداز

آم سے بنی ہر چیز میٹھی ہو، ایسا ضروری نہیں۔ اگر آپ کچھ مختلف اور نسبتاً جدید آئیڈیا چاہتے ہیں تو مینگو سالسا بہترین انتخاب ہے۔

پکے مگر قدرے مضبوط آم کے چھوٹے ٹکڑے، باریک کٹی شملہ مرچ، پیاز، ہرا دھنیا، لیموں کا رس، ہلکی مرچ اور نمک ملا کر ایک تازہ، کھٹی میٹھی اور چٹپٹی سلاد بنائی جا سکتی ہے۔

اسے گرلڈ چکن، چپس یا ہلکے اسنیک کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ ڈش اس لیے بھی ٹرینڈ میں ہے کیونکہ یہ عام آم ڈیزرٹس سے ہٹ کر ایک نیا اور فیوژن ذائقہ پیش کرتی ہے۔

اجزا: 1 مضبوط پکا آم، آدھی شملہ مرچ، آدھا پیاز، ہرا دھنیا، 1 کھانے کا چمچ لیموں کا رس، نمک، کالی مرچ، ہلکی لال مرچ

طریقہ: آم، شملہ مرچ اور پیاز کو باریک ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔ ان میں ہرا دھنیا، لیموں کا رس، نمک اور مرچ شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔ اسے چپس، گرلڈ چکن یا ہلکے اسنیک کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے۔

یہ میٹھے اور چٹپٹے ذائقے کا دلچسپ امتزاج دیتا ہے۔

آم کی ڈشز وائرل کیوں ہیں؟

آج کے ڈیجیٹل دور میں کھانے کی مقبولیت صرف ذائقے سے طے نہیں ہوتی، اس کی پریزنٹیشن بھی اتنی ہی اہم ہو چکی ہے۔

آم کی ڈشز اس لحاظ سے بہت ’فوٹوجینک‘ ہوتی ہیں کیونکہ ان کا سنہرا پیلا رنگ، نرم ساخت اور کریمی لُک انہیں تصویر اور ویڈیو دونوں میں خوبصورت بناتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ مینگو شیک، چیزکیک، فالودہ، ٹرائفل اور اسموتھی باؤلز جیسے آئیڈیاز صرف کچن تک محدود نہیں رہتے بلکہ انسٹاگرام ریلز، یوٹیوب شارٹس اور فیس بک فوڈ پیجز پر بھی تیزی سے وائرل ہوجاتے ہیں۔