وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی شاندار تاریخ ہے جبکہ ترک صدر اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکی ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کا سرکاری استقبالیہ دیا جس میں دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی شاندار تاریخ ہے، ہم نے ہمیشہ ہر مشکل میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے عوام کے درمیان قلبی تعلق ہے، ترکیہ کیجنگ آزادی میں برصغیر کے مسلمانوں نے حمایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ جنگ ہو یا زلزلہ ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ انہوں نے قبرص کے معاملے پر ترکیہ کی مکمل حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔
ترک صدر اردوان نے کہا کہ وزیراعظم اور وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے ملاقات میں مذاکرات میں دو طرفہ علاقائی عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترک صدر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہیں گے، دونوں ممالک کے تعلقات کی رفتار پر اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلیے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت انتہائی اہم ہے۔
وزیراعظم اور ترک صدر کی ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ایوان صدر میں رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سمیت دونوں ممالک کے وزراء اور اعلیٰ حکام شریک تھے۔
دونوں رہنماؤں نے نہایت گرمجوشی اور خیرسگالی کے ماحول میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے تمام شعبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور تجارت و سرمایہ کاری، توانائی، سمندر اور خشکی میں تیل و گیس کی تلاش، کان کنی و معدنیات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے باہمی طور پر طے شدہ 5 ارب امریکی ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں تاریخی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad MoU) پر دستخط ہوئے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت پر ترک صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے امن عمل کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی روابط کو بھی سراہا اور خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے لیے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مؤقف اور اہم قومی مفادات سے متعلق امور پر پاکستان اور ترکیہ کی غیرمتزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
ملاقات میں رواں سال ترکیہ میں منعقد ہونے والے پاک۔ترکیہ اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل (HLSCC) کے آٹھویں اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔