خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے میں مقیم چینی شہریوں اور دیگر غیر ملکی ماہرین کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ایک مربوط اور جدید سیکیورٹی نظام قائم کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اسپیشل سکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کا پہلا جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے اور ایس ایس یو کا پہلا خصوصی دستہ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کر دیا گیا ہے، جہاں اہلکار 24 گھنٹے سیکیورٹی خدمات انجام دیں گے۔
حکام کا کہنا تھا کہ تعینات اہلکاروں کو چینی زبان کا خصوصی کورس بھی مکمل کرایا گیا ہے تاکہ چینی شہریوں سے مؤثر رابطہ اور معاونت ممکن بنائی جا سکے۔
پولیس نے بتایا کہ صوبے میں چینی شہریوں سمیت دیگر غیرملکیوں کی محفوظ آمدورفت کے لیے 28 نکاتی جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے جبکہ وفاقی اداروں کے تعاون سے مختلف منصوبوں تک رسائی اور نقل و حرکت کے لیے تفصیلی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) بھی مرتب کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹ کانوائے کو روانگی سے منزل تک مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گا اور جدید کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے تمام اضلاع کو بروقت معلومات منتقل کی جائیں گی۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کانوائے کی لائیو لوکیشن مسلسل مانیٹر کرے گا اور چینی شہریوں کو ہنگامی صورت حال میں فوری رابطے کے لیے خصوصی ایمرجنسی نمبر بھی فراہم کیا جائے گا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے فوری نمٹنے کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم ہر وقت فعال رہے گا تاکہ غیر ملکی شہریوں، بالخصوص چینی باشندوں کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جا سکے۔