عالمی منڈی میں تیل کے بحران کو ختم کرنے کیلئے اوپیک پلس ممالک کا اہم فیصلہ

پیداوار بڑھانے والے ممالک میں سعودی عرب، روس، عراق، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان شامل ہیں


ویب ڈیسک July 06, 2026

ویانا: تیل پیدا کرنے والے ممالک کے اتحاد اوپیک پلس نے عالمی منڈی میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اگست 2026 سے تیل کی پیداوار میں معمولی اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اتحاد کے رکن سات ممالک مجموعی طور پر یومیہ ایک لاکھ 88 ہزار بیرل اضافی خام تیل پیدا کریں گے۔

اوپیک پلس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیداوار میں اضافے کا یہ فیصلہ مسلسل پانچویں ماہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عالمی تیل کی منڈی میں طلب اور رسد کے درمیان توازن برقرار رکھنا اور مارکیٹ کو مستحکم رکھنا ہے۔

پیداوار بڑھانے والے ممالک میں سعودی عرب، روس، عراق، کویت، قازقستان، الجزائر اور عمان شامل ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رکن ممالک مستقبل میں بھی عالمی منڈی کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو پیداوار سے متعلق مزید فیصلے بھی کیے جا سکتے ہیں۔

اوپیک پلس کے مطابق عالمی توانائی کی منڈی میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے محتاط حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ سے بچا جا سکے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں کمی اور خطے میں نسبتاً بہتر صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ چند ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ چکی ہیں۔

توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی طلب موجودہ رفتار سے برقرار رہی تو پیداوار میں اس محدود اضافے سے مارکیٹ پر بڑا دباؤ نہیں پڑے گا، تاہم اس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں مزید استحکام آ سکتا ہے۔

اوپیک پلس کا کہنا ہے کہ اتحاد آئندہ بھی عالمی معاشی حالات، توانائی کی طلب اور جغرافیائی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیداوار سے متعلق فیصلے کرتا رہے گا۔