مودی کو آسٹریلیا کے دورے کے دوران جان سے مارنے کی دھمکی، سکیورٹی ہائی الرٹ

آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک July 06, 2026

میلبرن: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو آسٹریلیا کے مجوزہ دورے کے دوران جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے، جس کے بعد آسٹریلوی سکیورٹی اداروں نے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی 9 جولائی 2026 کو آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں واقع مارول اسٹیڈیم میں ایک کمیونٹی تقریب میں شرکت کرنے والے ہیں۔ اسی تقریب سے متعلق فیس بک ایونٹ پیج پر ایک صارف کی جانب سے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز پیغام ایک ایسے اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا گیا۔ دھمکی سامنے آنے کے بعد آسٹریلیا کی قانون نافذ کرنے والی اور سکیورٹی ایجنسیوں نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور تقریب کی سکیورٹی کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ تقریب کے شرکا اور اہم شخصیات کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

دوسری جانب بھارتی حکام نے بھی صورتحال پر نظر رکھنا شروع کر دی ہے، تاہم دھمکی دینے والے شخص کی شناخت اور اس کے ارادوں کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

سکیورٹی ماہرین کے مطابق عالمی رہنماؤں کے دوروں کے دوران سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی دھمکیوں کو معمولی نہیں سمجھا جاتا، اسی لیے متعلقہ ادارے ہر ایسے معاملے کی مکمل تحقیقات کرتے ہیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات اختیار کرتے ہیں۔

فی الحال آسٹریلوی حکام کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں اور مودی کے دورے کے سکیورٹی پلان کو مزید مؤثر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔