محسن نقوی کی بنگلہ دیشی ہم منصب سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق

دونوں ممالک کا پولیس افسران کی ٹریننگ اور ایکسچینج پروگرامز بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال


ویب ڈیسک July 10, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے دوران مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پولیس افسران کی ٹریننگ اور ایکسچینج پروگرامز کو بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں وزرائے داخلہ نے سائبر کرائمز اور آن لائن فراڈ کی روک تھام کے لیے اشتراک کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

اس موقع پر ایران امریکہ تنازع اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے امن کے قیام کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے نئے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔