طے پا، اور مک مکا

پشتو میں اس مک مکا اورطے پا کے لیے ’’مٹھی لڑانا‘‘ یا مٹھی ملانا کے الفاظ استعمال ہوتے ہیں


[email protected]

خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے :
رسیدہ بود بلائے ولے بخیر گزشت

خیبر پختونخوا میں خبر گرم تھی کہ دو عظیم پہاڑ ایک دوسرے سے ٹکرانے کے لیے چل پڑے ہیں، پی ٹی آئی کے دو گروپ ایک دوسرے سے نبردآزما ہونے و الے ہیں، لوگ دم سادھے کھڑے تھے اور یااللہ خیر، یااللہ خیر کا ورد کر رہے تھے اور اللہ نے خیرکی، دونوں گروپوں کے درمیان ’’طے پا‘‘ ہوگیا، کیا کمال کا لفظ دانشوروں نے نکالا ہے، طے پا، گویا طے کے ساتھ پا بھی۔

معلوم نہیں انگریزی میں اس طے پایا کے لیے کونسا لفظ ہوگا لیکن یہ چیز یعنی طے پایا خالص دیسی چیز ہے، دیسی مرغا اوردیسی گھی، اس لیے دیسی زبانوں میں اس کے اور بھی کئی خوبصورت الفاظ ہیں جیسے ’’مک مکا‘‘ جو پنجابی زبان نے اردو کو دیا ہوا ہے اور اردو نے بھی اسے گود لیا ہے مثلاً
دلوں کی الجھنیں بڑھتی رہیں گی
اگر کچھ ’’مک مکا‘‘ باہم نہ ہوں گے
اس غزل کامطلع ہے:
سیاست کرنے والے کم نہ ہوں گے
مگر وہ اتنے چیونگم نہ ہوںگے
پشتو میں اس مک مکا اورطے پا کے لیے ’’مٹھی لڑانا‘‘ یا مٹھی ملانا کے الفاظ استعمال ہوتے ہیں مثلاً احتساب والوں نے فلاں کو پکڑ لیا تھا لیکن وہ ان سے مٹھی ملا کر رہا ہو گیا۔ فلاں نے پولیس سے مٹھی ملائی۔ ہم نے فارسی میں بہت تلاش کیا لیکن مک مکا اورطے پا کے لیے کوئی لفظ نہیں ملا ۔

اب اس مک مکا یا طے پا کی تفصیل تو نہیں بتائی گئی ہے کیوں کہ ایسے معاملات کے لیے رواج ہے کہ جو ہوتا ہے، وہ بتایا نہیں جاتا اورجو بتایا جاتا ہے وہ ہوتا نہیں ہے۔ چنانچہ اس مک مکا کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ بانی کی رہائی کے لیے حکمت عملی طے کرنے پر دونوں فریق متفق ہوگئے ہیں، گویا حقیقت میں طے پا گیا ہے کہ بانی جہاں ہیں وہی ٹھیک ہیں۔

کیوں کہ بیچارے بہت تھک چکے ہیں، باہرآئیں گے تو خوامخواہ دوڑ دھوپ کریں گے اور ایک مرتبہ پھر ’’جان‘‘ کو تھکا دیں گے جیسے اپنی حکومت میں تھک چکے تھے، نیا پاکستان بھی تعمیر کر چکے ہیں، تبدیلیاں بھی لاچکے ہیں اور اب ان کا باقی کام بانی کے مبانی لوگ امبانی بن کر کریں گے۔

یہ تو وہ ہے جو بتایا گیا ہے جو نہیں بتایا گیا ہے کہ بانی کی رہائی کو ہاتھی کے دکھانے والے دانت بنا کر… کھانے والے دانت اندر رکھنے کا کام باہمی اتفاق سے شروع کر دیں گے، اسی کو طے پا، مک مکا کہا گیا ہے۔

ارے ہاں ہمیں یاد آیا کہ انگریزی میں اس طے پا، مک مکاے کے لیے کون سا لفظ استعمال ہوتا ہے وہ لفظ ہے، ففٹی ففٹی۔ جس کا عربی ترجمہ ہے انصاف۔ عوامی زبان میں اسے… تم بھی چوپو اورہمیں بھی چوپنے دو، ظاہر ہے جو کام وسیع پیمانے پر ہو اسے تحریک کہاجاتا ہے۔

تلاش منزل جاناں تو اک بہانہ تھا
تمام عمر میں اپنی طرف روانہ تھا

اس مک مکا، طے پا کو پوری طرح سمجھنے کے لیے ایک عام اور پرانا لطیفہ پیش خدمت ہے… کہتے ہیں کہ تھانیدار کی بیوی نے تھانیدار کی لٹکی ہوئی وردی کی حسب معمول تلاش لی تو بٹوا ہاتھ لگا، وہ بٹوے سے کچھ نوٹ نکال کر چھپا رہی تھی کہ تھانیدار غسل خانے سے نکل آیا اور یہ واردات ہوتے دیکھ لی یعنی ملزمہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور بولا۔

یوآر انڈر ارسٹ… تھانیدارنی نے فوراً چند نوٹ نکال کر تھانیدار کے ہاتھوں میں پہنچا دیے اورہونٹوں پر انگلی رکھ کر خاموش رہنے کا اشارہ کیا اور کمرے سے باہرنکل گئی۔

ویسے پی ٹی آئی ’’مجاہدین‘‘ کے درمیان مک مکا اور طے پا کے لیے حالات بھی ساز گار ہیں، صوبے کے کل چھیاسٹھ میں سے بتیس محکمے ان کی اپنی جیب میں ہیں یعنی پوری بتیس وزارتیں خود ان کی تحویل میں ہیں، اب بتیس وزیر ساتھ، اتنے مشیر اوراتنے معاون۔ مطلب کہ طے پا پر بڑی آسانی سے عمل کیا جاسکتا ہے اور سارے گلے دور ہو سکتے ہیں۔

لگ گیا جب وہ گلے سارا گلہ جاتا رہا

رہے بانی، تو، دو چرسی اندھیری رات میں کہیں جارہے تھے کہ ان میں سے ایک کنوئیں میں گرگیا، اس نے چیخ کر ساتھی کو مدد کے لیے پکارا کہ میں تو کنوئیں میں گر گیا ہوں، ساتھی نے کہا، بھائی جہاں ہو وہاں خوش رہو، میں تو چلا۔