گھر میں آگ لگنے سے میاں، بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق

ابتدائی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ اموات آگ کی تپش اور دھویں کے باعث ہوئیں، حکام


ویب ڈیسک July 16, 2026

پشاور:

گھر میں آگ لگنے سے میاں، بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق پشاور کے علاقے تہکال پایان میں ایک رہائشی گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ مکان کے اُس حصے میں لگی جہاں فرنیچر، فوم اور دیگر سامان رکھا ہوا تھا، جو ابتدائی طور پر فرنیچر گودام معلوم ہوتا ہے۔

امدادی ٹیموں نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، تاہم سرچ آپریشن کے دوران ایک کمرے سے 6 افراد کی لاشیں برآمد کیں۔ ریسکیو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں میاں، بیوی اور ان کے بچے شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ اموات آگ کی تپش اور دھویں کے باعث ہوئیں۔ آتشزدگی کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سراج عمر 55 سال، اہلیہ عمر 40 سال، حنایا عمر 9 سال، حریرہ عمر 11 سال، منہال عمر 3 سال اور حسنین عمر 4 سال شامل ہیں۔