ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کا فضائی دفاعی نظام کے ذریعے جواب دیا جا رہا ہے، کویت

فوج نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ملک کی دفاعی فورسز صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں


ویب ڈیسک July 19, 2026

کویت کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام ایران کی جانب سے داغے گئے مبینہ میزائلوں اور ڈرونز کو ناکام بنانے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہا ہے۔

کویتی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی دفاعی یونٹس مکمل طور پر متحرک ہیں اور آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فوج نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ملک کی دفاعی فورسز صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مختلف علاقوں میں سنائی دینے والے دھماکوں کی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام کی کارروائیوں کا نتیجہ ہیں، جو مبینہ طور پر دشمن کے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

کویتی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر افواہوں پر توجہ نہ دیں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور اپنی حفاظت کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی اور حفاظتی اقدامات کی پابندی کریں۔

فوج نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر ہی اعتماد کریں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خلیجی خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث کئی ممالک نے اپنی دفاعی تیاریوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے کویت کے اس بیان پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ صورتحال کے بارے میں آزاد ذرائع سے مکمل تصدیق بھی ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔