کراچی، احسن آباد میں کچرا کنڈی سے دو کلاشنکوف برآمد، مقدمہ درج

گلی میں کھیلتے بچوں نے کچرا کنڈی میں پڑی بوری کی نشاندہی کی



شہر قائد میں سہراب گوٹھ احسن آباد سیکٹر 4 میں کچرا کنڈی سے دو کلاشنکوف برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد بوری میں اسلحہ رکھ کر فرار ہوگئے تھے۔ 

اس حوالے سے ڈی ایس پی اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ کہ گلی میں کھیلتے بچوں نے کچرا کنڈی میں پڑی بوری کی نشاندہی کی، جس پر علاقہ مکینوں نے فوری اطلاع پولیس کو دی۔

اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زنگ آلود دو کلاشنکوف اپنی تحویل میں لے لیں۔

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے، جبکہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اسلحہ وہاں کس نے اور کس مقصد کے لیے پھینکا۔ تاہم واقعہ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔