ہنگو میں پولیس چیک پوسٹ پردہشتگردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید، 28 زخمی

حملے کے بعد جوابی آپریشن میں 15 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں، آئی جی خیبر پختونخوا


ویب ڈیسک July 30, 2026

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کی خزینہ بانڈہ چوکی پر آج فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت  10 پولیس اہلکار شہید جبکہ 28 اہلکار زخمی ہوگئے۔

چوکی میں موجود جوانوں کی مدد کے لیے ایس ڈی پی او سٹی کی سربراہی میں فوری طور پر اضافی نفری روانہ کی گئی۔ راستے میں دہشت گرد پہلے سے گھات لگائے بیٹھے تھے، جنہوں نے کمک کے لیے آنے والی نفری کو نشانہ بنایا۔ اس شدید حملے کے نتیجے میں آگے چلنے والی بکتر بند گاڑی (APC) کو شدید نقصان پہنچا۔

تمام تر چیلنجز اور نامساعد حالات کے باوجود پولیس کے افسران اور جوانوں نے نہایت دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 15 خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔

اس شدید اور طویل مقابلے کے دوران ڈی ایس پی دیار خان سمیت 10 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ 28 جوان زخمی ہوئے، الخوارج اور پولیس کے مابین مقابلہ تاحال جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ  ہنگو میں خزینہ چیک پوسٹ پر حملے کے بعد جوابی آپریشن میں 15 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں، آپریشن کے دوران ڈی ایس پی دیار خان نے انتہائی جواں مردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا ہے، 9 پولیس اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی مجاہد حسین سمیت 28 اہلکار زخمی ہیں۔

آئی جی پی نے پولیس جوانوں کے غیر متزلزل عزم اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کٹھن اور اعصاب شکن حالات میں چٹان کی طرح دشمن کے سامنے ڈٹ جانے والے خیبر پختونخوا پولیس کے سپوتوں نے شہادت کو گلے لگایا ہے۔

شہداء کے لیے محکمہ کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازات کی سفارش کی جائے گی۔ آئی جی پی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ  بذات  خود شہداء کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت اور زخمی جوانوں  کو خراج تحسین پیش کریں گے۔

آئی جی پی نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے حوصلے بلند اور ارادے چٹانوں کی طرح مضبوط ہیں۔ صوبے کے کونے کونے سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کے لیے یہ جنگ پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔