پاک بحریہ کے جہازپی این ایس تیمور نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ماہی گیروں کی کشتی کوبچا لیا جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی بحیرۂ عرب میں پھنسے ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے ایک جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس تیمور نے کامیاب آپریشن کے دوران سمندر میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بحفاظت بچایا۔
وزیراعظم نے کشتی پر سوار عملے کے تمام 19 افراد، جن میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے، کو بحفاظت بچانے پر آپریشن میں شریک پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی پزیرائی کی۔
انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے جوانوں نے کشتی کے عملے کو سمندر میں خوراک، پینے کا پانی اور طبی امداد فراہم کی، جو ہماری افواج کی انسانی ہمدردی اور پیشہ ورانہ تربیت کا عملی ثبوت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے عزم اور ہمہ وقت تیاری کا مظہر ہے۔
پاک بحریہ کےجہازپی این ایس تیمور نے شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب ریسکیو آپریشن کیا اور سمندرمیں پھنسے 19ماہی گیروں کوبحفاظت ریسکیو کیا۔
ماہی گیروں کی کشتی گوادر سے تقریباً 120ناٹیکل میل جنوب میں انجن کی خرابی کےباعث پھنس گئی تھی، کشتی میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہریوں سمیت 19 افرادسوار تھے۔
جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈی نیشن سینٹر نے سرچ اینڈریسکیوآپریشن کے لیے پاک بحریہ سے رابطہ کیا تھا، پاک بحریہ کے جوانوں نے کشتی کے عملےکو سمندر میں خوراک، پینےکاپانی اور طبی امداد فراہم کی۔
مزید براں سمندر میں انجن کی خرابی کےباعث پھنسی ہوئی کشتی کوپاک بحریہ نے بحفاظت ساحل تک منتقل کیا۔