کراچی:
چنیسر ٹاؤن میں منظور کالونی پمپنگ اسٹیشن کے سامنے واٹر بورڈ کی جانب سے کی گئی کھدائی شہریوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پانی سے بھرے تقریباً 7 فٹ گہرے گڑھے میں ایک بچہ جا گرا جس کے گرنے کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔
واقعہ 3 روز قبل 27 جولائی کی شب ساڑھے 8 بجے کے قریب پیش آیا تھا۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ بچہ سائیکل چلاتے ہوئے آتا ہے جبکہ سامنے سے موٹر سائیکل سوار آتا ہے اور قریب سے پھل فروش بھی گزرتا ہے، راستہ نہ ملنے اور سائیکل بے قابو ہونے پر بچہ سائیکل سمیت گڑھے میں گر جاتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ٹھیلے والا فوراً گڑھے میں چھلانگ لگا کر بچے کو بچاتا ہے جبکہ دیگر شہری بھی پہنچ کر مدد کرتے ہیں، شہریوں کی بروقت کارروائی سے بچے کی جان بچا لی جاتی ہے۔