کیلیفورنیا کی ریاستی سینیٹ میں پاکستانی کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرنے قرارداد منظور

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا قرارداد کی متفقہ منظوری پر اظہارِ تشکر


ویب ڈیسک August 12, 2026

کیلیفورنیا کی ریاستی سینیٹ نے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

تفصیلات کے مطابق کیلیفورنیا کی ریاستی سینیٹ نے پاکستان اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات اور کیلیفورنیا کی معیشت، ثقافت اور سماجی زندگی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی نمایاں خدمات کو  خراج تحسین پیش کر تے ہوئے تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

سینیٹر میلیسا ہرتاڈو کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کیلیفورنیا کی ترقی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ان کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا گیا۔ 

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے قرارداد کی متفقہ منظوری پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے سینیٹر میلیسا ہرتاڈو کی قیادت کو سراہا۔ 

کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی نے پاکستان اور ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا اور پاک امریکا اقتصادی تعاون کے فروغ میں پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے کردار کو سراہا۔

کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی خدمات کو  بھی سراہا۔

 سفیر پاکستان نے عوامی سطح پر روابط کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان امریکہ دوطرفہ تعلقات میں موجود مثبت پیش رفت کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

قرارداد کی منظوری سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کے کیلیفورنیا کے سرکاری دورے کے موقع پر ہوئی، جس کے دوران انہوں نے ریاستی قانون سازوں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی و سیاسی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔