اسلام آباد کے نجی کالج کی طالبہ دیا انیل بھاٹیا نے یونیورسٹی آف لندن کے 3 سالہ ایل ایل بی آنرز میں 10 ڈسٹنکشنز حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، اور اس حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ سے آئے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
جامشورو سندھ سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی ہونہار طالبہ دیا انیل بھاٹیا نے یونیورسٹی آف لندن کے ایل ایل بی آنرز میں 10 ڈسٹنکشنز کے ساتھ دنیا بھر میں اعلیٰ ترین نمبر حاصل کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور تعلیمی میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
دیا انیل بھاٹیا کی اس شان دار کامیابی پر اسلام آباد نجی کالج میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی آف لندن سے آئے اساتذہ نے شرکت کی اور طالبہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسلام آباد اسکول آف لا کی طالبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں عالمی ریکارڈ بنانے والے ٹاپر اور دیگر نمایاں طلبہ میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
تعلیمی ماہرین کے مطابق دیا انیل بھاٹیا نے کہا کہ وہ پاکستانی خواتین خاص کر اقلیتی برادری کی خواتین کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں۔