ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ڈیلس فورٹ ورتھ اور ہیوسٹن کے ایئرپورٹس پر مسلمانوں کے لیے وضو اور نماز کی سہولتوں کو مبینہ مذہبی امتیاز قرار دیتے ہوئے سرکاری گرانٹس کے جائزے کا حکم دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق گورنر نے امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹیشن اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کو دونوں ایئرپورٹس پر موجود یا مجوزہ مذہبی سہولتوں کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔
گریگ ایبٹ کے مطابق سرکاری ملکیتی تنصیبات میں کسی ایک مذہب کے پیروکاروں کو مخصوص سہولت فراہم کرنا مذہبی امتیاز کے زمرے میں آ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ایئرپورٹس کی موجودہ گرانٹس واپس لینے یا مستقبل میں فنڈز روکنے پر بھی غور کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ چونکہ دونوں ایئر پورٹس سرکاری ملکیت میں ہیں، اس لیے حکومت کسی ایک مذہبی نقطۂ نظر کو دوسروں پر ترجیح نہیں دے سکتی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے پیسے سے چلنے والی سرکاری سہولتوں میں غیر قانونی مذہبی امتیاز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
گورنر کے اس اقدام کے بعد اب توجہ امریکی محکمۂ ٹرانسپورٹیشن اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ممکنہ ردِعمل پر مرکوز ہو گی، جبکہ گورنر کے اس اقدام نے مذہبی آزادی، مساوی سہولتوں اور سرکاری اداروں میں مختلف مذاہب کے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔