جمال موسیالا ایک بار پھر میچ کے دوران گر پڑے، اعصابی عارضے کی تشخیص

اس سے قبل ہفتے کے روز آر بی لائپزگ کے خلاف 1-3 کی فتح میں بھی موسیالا کے ساتھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا


اسپورٹس ڈیسک August 19, 2026

بائرن میونخ کے جرمن مڈفیلڈر جمال موسیالا نے انکشاف کیا ہے کہ مسلسل دو میچوں کے دوران اچانک گرنے کے واقعات کے بعد انہیں عارضی اعصابی عارضے کی تشخیص ہوئی ہے۔

23 سالہ فٹبالر منگل کو ہائیڈن ہائم کے خلاف بائرن میونخ کی 2-4 سے دوستانہ میچ میں کامیابی کے دوران متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں اترے تاہم صرف چھ منٹ بعد وہ اچانک گر گئے۔

انہیں طبی امداد فراہم کرنے کے بعد میدان سے باہر لے جایا گیا۔

اس سے قبل ہفتے کے روز آر بی لائپزگ کے خلاف 1-3 کی فتح میں بھی موسیالا کے ساتھ ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا۔

موسیالا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ڈاکٹروں نے عارضی اور مختصر نوعیت کی ایسی کیفیت کی تشخیص کی ہے جو اعصابی نظام میں خرابی کے باعث پیدا ہوتی ہے، تاہم اسے آسانی سے قابو کیا جاسکتا ہے۔

ان کے مطابق طبی معائنے میں کسی اضافی خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی اور وہ بہترین علاج حاصل کر رہے ہیں۔

موسیالا گزشتہ سیزن میں ٹخنے کی انجری کے باعث چھ ماہ میدان سے باہر رہے تھے تاہم بعد میں صحت یاب ہوکر 2026 ورلڈ کپ میں جرمنی کی نمائندگی بھی کی۔