نالی کی صفائی کے دوران مزدوروں کو قیمتی خزانہ مل گیا

سونے کی اینٹوں اور سکوں سے بھری بالٹی کی مجموعی مالیت تقریباً 3 ارب پاکستانی روپے بتائی جارہی ہے


ویب ڈیسک August 21, 2026

بیلجیم میں ایک تعمیراتی مقام پر نالی کی صفائی میں مصروف مزدوروں کو اچانک ایسا قیمتی خزانہ مل گیا جس نے سب کو حیران کردیا۔ صفائی کے دوران ملنے والے نایاب سکوں سے شروع ہونے والی دریافت چند ہی دیر میں 49 سونے کی اینٹوں، سونے کے سکوں سے بھری بالٹی اور سیکڑوں نایاب سکوں تک جا پہنچی، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 3 ارب پاکستانی روپے بتائی جارہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ غیر معمولی خزانہ بیلجیم کے شہر برسلز کے علاقے ڈینڈر موندے میں ایک عمارت کی تزئین و آرائش کے دوران سامنے آیا۔ تعمیراتی کام کے سلسلے میں گندی نالی کی صفائی کے لیے مزدوروں کو نالی میں اتارا گیا تھا، جہاں انہیں ابتدا میں چند نادر سکے نظر آئے۔

مزدوروں نے مزید تلاش کے لیے کھدائی جاری رکھی تو ایک کے بعد ایک قیمتی اشیا سامنے آنے لگیں۔ کچھ ہی دیر میں وہاں سے 49 سونے کی اینٹیں، سونے کے سکوں سے بھری ایک بالٹی اور بڑی تعداد میں نایاب سکے برآمد ہوگئے۔ خزانے کی اتنی بڑی مقدار دیکھ کر تعمیراتی مقام پر موجود افراد حیرت زدہ رہ گئے۔

اتنی قیمتی دریافت سامنے آنے کے بعد مقام کے ذمہ دار افراد نے فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے پورا خزانہ اپنی تحویل میں لے کر اسے ایک محفوظ سرکاری مقام پر منتقل کردیا، جہاں اس کی حفاظت کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

جس عمارت کے قریب سے یہ خزانہ برآمد ہوا، وہ سی اے ڈبلیو ایسٹ فلینڈرز نامی فلاحی ادارے سے متعلق بتائی جارہی ہے۔ تاہم حکام اب اس معمے کو حل کرنے میں مصروف ہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں سونا اور نایاب سکے نالی کے نیچے کیسے پہنچے، یہ خزانہ کس دور سے تعلق رکھتا ہے اور اسے وہاں کس نے چھپایا تھا۔

دریافت کے بعد جائے وقوعہ کے گرد حفاظتی باڑ بھی لگا دی گئی ہے جبکہ اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کرکے بغیر اجازت داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کا مقصد لوگوں کو مزید خزانے کی تلاش میں وہاں پہنچنے اور خود سے کھدائی کرنے سے روکنا بھی ہے۔

یوں جس نالی کی صفائی ایک معمول کی تعمیراتی سرگرمی تھی، وہ اچانک اربوں روپے کے پراسرار خزانے کی دریافت میں تبدیل ہوگئی، جبکہ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ آخر یہ قیمتی خزانہ یہاں کتنے عرصے سے دفن تھا۔