یو ایس اوپن کیلیے ٹینس کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کا اعلان

پہلے راؤنڈ میں شکست کھانے والے کھلاڑیوں کی رقم 27 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر کردی گئی ہے


اسپورٹس ڈیسک August 21, 2026

یو ایس اوپن نے رواں سال ٹینس کی تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے۔

منتظمین کے مطابق نیویارک میں 23 اگست سے 13 ستمبر تک ہونے والے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔

مردوں اور خواتین کے سنگلز چیمپئنز کو اب پانچ لاکھ 50 ہزار ڈالر کے بجائے 55 لاکھ ڈالر فی کس ملیں گے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں

یہ گرینڈ سلیم کی تاریخ میں سنگلز فاتح کے لیے سب سے بڑی انعامی رقم بھی ہوگی۔

پہلے راؤنڈ میں شکست کھانے والے کھلاڑیوں کی رقم بھی 27 فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 40 ہزار ڈالر کردی گئی ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹاپ ٹینس کھلاڑی گرینڈ سلیمز کی آمدنی میں زیادہ حصے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

جینک سنر اور آرینا سبالینکا سمیت کئی بڑے کھلاڑیوں نے رواں سال فرنچ اوپن اور ومبلڈن میں میڈیا سیشنز کو 15 منٹ تک محدود کرکے احتجاج بھی کیا تھا۔

یو ایس اوپن نے کھلاڑیوں کی معاونت کے لیے 2026 میں 20 لاکھ ڈالر کے ابتدائی فنڈ کا بھی اعلان کیا ہے جسے مرد اور خواتین کھلاڑیوں میں برابر تقسیم کیا جائے گا۔