فٹبال کے جادوگر برازیلین اسٹار کا ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان

اگرچہ ان کی واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن امکان ہے کہ وہ سیزن کے افتتاحی میچ میں شرکت نہیں کریں گے


اسپورٹس ڈیسک August 21, 2026

برازیل کے لیجنڈری فٹبالر رونالڈینہو 46 سال کی عمر میں ایک بار پھر پروفیشنل فٹبال میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بارسلونا اور اے سی میلان کے سابق اسٹار نے اٹلی کے سری سی کلب ریوینا ایف سی کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔

رونالڈینہو نے آخری مرتبہ 2015 میں برازیلین کلب فلومینینسی کی نمائندگی کرتے ہوئے مسابقتی پروفیشنل میچ کھیلا تھا۔

اس طرح وہ تقریباً 11 سال بعد دوبارہ کسی پروفیشنل مقابلے میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یہ اٹلی میں بھی ان کی دوسری انٹری ہوگی جہاں وہ 2008 سے 2011 تک اے سی میلان کا حصہ رہے تھے۔

فیفا ورلڈکپ 2002 کے فاتح رونالڈینہو ریوینا کے ملکیتی گروپ میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔

کلب انتظامیہ کے مطابق ان کی واپسی محض تشہیری سرگرمی نہیں بلکہ وہ کم از کم ایک سری سی میچ میں ضرور میدان میں اتریں گے۔

اگرچہ ان کی واپسی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن امکان ہے کہ وہ سیزن کے افتتاحی میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

رونالڈینہو کلب کی تشہیر اور اس کے نئے منصوبے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

برازیلین اسٹار نے اپنی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بار پھر گیند کے ساتھ رقص کرنے کے لیے بے تاب ہیں۔