لاہور:
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سسٹم موجود ہے جس کے باعث آج شہر کا زیادہ تر موسم ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں سہ پہر کے اوقات میں کالے بادلوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے اور بارش ہونے کا امکان ہے جس سے موسم مزید خوشگوار ہو جائے گا۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔
تاہم حالیہ دنوں میں بارشوں کی شدت کم ہونے کے باعث درجہ حرارت میں قدرے اضافہ بھی دیکھا جا رہا ہے۔ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔