پاک سعودی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اہم پیش رفت

سعودی اعلیٰ سطح وفد کی پاکستان آمد، ایس آئی ایف سی کی معاونت سے سرمایہ کاری سے متعلق اہم ملاقاتیں


ویب ڈیسک August 27, 2026

ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے پاک سعودی سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سعودی-پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد نے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔

ایس آئی ایف سی نے سعودی وفد کے اعلیٰ حکام اور اہم کاروباری نمائندوں سے ملاقاتوں کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور سہولت کاری فراہم کی۔ ان ملاقاتوں میں توانائی، پیٹرولیم، نجکاری، صنعت، مواصلات اور ہائی ویز سمیت ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع زیرِ غور آئے۔

سعودی وفد نے سرکاری و نجی شعبے کے نمائندوں سے جی ٹو جی اور بی ٹو بی  تعاون کے تحت سرمایہ کاری کے امکانات پر  تبادلہ خیال کیا۔ ان ملاقاتوں کے ذریعے پاک سعودی اقتصادی روابط کو عملی سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور مشترکہ منصوبوں میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

ایس آئی ایف سی نے سعودی سرمایہ کاروں کے لیے مسلسل سہولت کاری اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر سہولت کاری سے پاکستان میں سرمایہ کاری، کاروباری روابط اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ مل رہا ہے۔