انگلش کپتان کھلاڑیوں کے رویے سے شدید نالاں، ٹیم کو سخت پیغام دے دیا

روٹ نے ڈریسنگ روم میں کھل کر بات کی اور کھلاڑیوں کو پروفیشنل رویہ اپنانے پر زور دیا


اسپورٹس ڈیسک August 27, 2026

انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوش ٹنگ کا کہنا ہے کہ کپتان جو روٹ نے کھلاڑیوں کو میدان سے باہر رویے کے حوالے سے جو واضح پیغام دے دیا ہے۔

جوش ٹنگ کا کہنا تھا کہ روٹ نے برائیڈن کارس کے حالیہ واقعے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو یاد دلایا کہ انگلینڈ کی نمائندگی ایک اعزاز کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی ہے۔

کارس کو ڈربی میں نائٹ آؤٹ کے دوران مختصر گرفتاری کے واقعے کے بعد پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کے اسکواڈ سے باہر کردیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں انہیں پولیس کی حراست میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد معاملہ کرکٹ ریگولیٹر کو بھیج دیا گیا۔

ٹنگ نے بتایا کہ روٹ نے ڈریسنگ روم میں کھل کر بات کی اور کھلاڑیوں کو پروفیشنل رویہ اپنانے پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اب ماضی کے واقعات کو پیچھے چھوڑ کر لارڈز ٹیسٹ پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔

واضح رہے کہ ٹنگ خود بھی گزشتہ سال ایک نائٹ کلب تنازع میں موجود تھے تاہم ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی کامیابی میں ٹنگ نے اہم کردار بھی ادا کیا تھا۔