کراچی:
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی کام حکومتی کارکردگی کا اعلان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ آگے بڑھ رہا ہے۔
اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں سڑکیں بن رہی ہیں، گھر تعمیر ہو رہے ہیں اور بجلی پیدا ہو رہی ہے، جس سے صوبہ آگے بڑھ رہا ہے۔ سندھ حکومت دعوے نہیں کرتی بلکہ اس کے ترقیاتی کام ہی اس کی کارکردگی کا اعلان ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے لیے سندھ کا ترقیاتی پروگرام 1,018 ارب روپے رکھا گیا ہے، جس میں 3,642 اسکیمیں شامل ہیں۔ سندھ کا ترقیاتی بجٹ اور ترقیاتی عمل کا حجم خود صوبائی حکومت کی ترجیحات کا ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 5 برس کے دوران 5,636 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئیں جبکہ 1,460 مختلف اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی کا سب سے بڑا ثبوت عوام کو ملنے والی سہولیات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت اور بنیادی سہولیات کے میدان میں سندھ حکومت کی کاوشوں کی دنیا معترف ہے۔ سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ پکے گھروں کا منصوبہ دنیا میں ریلیف کا ایک بے مثال قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبے سے پیدا ہونے والی 3,240 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ کے ذریعے ملک کے عوام کو مل رہی ہے۔ ونڈ اور سولر سمیت متعدد قابل تجدید توانائی منصوبے بھی قومی گرڈ کا حصہ بن چکے ہیں۔
شرجیل میمن کے مطابق آبپاشی کے شعبے میں 3,675 میل نہروں کی لائننگ کے منصوبے مکمل کیے گئے، جس سے 5,880 کیوسک پانی کی بچت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ نے اپنے وسائل کو قومی ترقی کی تقویت بخشی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ کا پی پی پی پورٹ فولیو 2010 میں تقریباً 5 ارب روپے سے بڑھ کر 2024 میں 700 ارب روپے سے زائد ہوچکا ہے، جبکہ 142 ارب روپے کے منصوبے جاری ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ مخالفین ترقی کا حساب مانگتے ہیں، ہم سیاسی تقریروں کے بجائے اعداد و شمار پیش کرتے ہیں۔ سندھ کی ترقی کسی ایک شہر یا طبقے کی ترقی نہیں بلکہ ملکی عوام کی ترقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل اور خدمات سے پورے ملک کے عوام بلا تفریق مستفید ہوتے ہیں۔