محسن نقوی کا گوجرانوالا ریجنل پاسپورٹ آفس کا پورا عملہ فوری طور پر ہٹانے کا حکم

شہری خدمات کی فراہمی پر کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، سرکاری فرائض میں غفلت پر تادیبی کارروائی کی جائے گی، وزیر داخلہ


ویب ڈیسک August 27, 2026
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجاب کے شہر گوجرانوالا میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا اور دفتر کی ابتر صورت حال پر تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالا میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا جبکہ مبینہ طور پر پاسپورٹ آفس مقررہ وقت سے قبل بند، عملہ غائب، شہریوں کا داخلہ بھی بند اور دفتر کے باہر سے ہی ٹرخائے جانے کی رپورٹس ہیں۔

گوجرانوالا ریجنل پاسپورٹ آفس میں سہ پہر کو 4 بجے ہی پورے دفتر کی صفائیاں اور دفتر میں چھٹی کا سماں تھا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریجنل پاسپورٹ آفس گوجرانوالہ کی حالت پر شدید برہم کا اظہار کیا اور تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

محسن نقوی نے استفسار کیا کہ دفتر کا وقت ساڑھے چار بجے ہے تو 4 بجے دفتر کو کیوں تالے لگے، وزیر داخلہ کے ایک بھی سوال کا دفتر میں موجود واحد اسٹاف کوئی جواب نہ دے سکا۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دفتر بند کرکے صفائیاں کی جا رہی ہیں اور کوئی عملہ موجود نہیں ہے، یہ سب کیا ہو رہا ہے، کیا عوام کی سہولت کے دفتر ایسے چلتے ہیں، شہری باہر آرہے ہیں اور انہیں وہیں سے واپس بھجوایا جا رہا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہری خدمات کی فراہمی پر کوتاہی برداشت نہیں ہوگی، عوام کی خدمات پر مامور اسٹاف کے خلاف سرکاری فرائض میں غفلت پر تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں  24/7میگا  نادرا سینٹر کا بھی دورہ کیا اور نادرا میگا سینٹر میں پاسپورٹ آفس کی سہولت بھی مہیا کرنے کا اعلان کیا۔

رپورٹ کے مطابق شہریوں نے نادرا میگا سینٹر میں فراہم کردہ سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیر داخلہ نے شہریوں کی ہر طرح سے رہنمائی کرنے اور تمام معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں کی شکایات کا موقع پر ہی نوٹس لے کر فوری ازالے کے لیے احکامات دیے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) زونل آفس لاہور میں خصوصی اجلاس کی صدارت کی اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا اور پراجیکٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر داخلہ نے ایف آئی اے افسران کو انسانی اسمگلنگ اورحوالہ ہنڈی میں ملوث مافیا پر پکا ہاتھ ڈالنے کے احکامات دیے اور ہدایت کی کہ انسانی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کی پوری چین کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے ائرپورٹس پر امیگریشن کاونٹرز پر پرانے کیمروں کو تبدیل کیا جائے گا اور شکایات کے اندراج کے لیے پاک آئی ڈی ایپ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔