پمز نرسری آتشزدگی؛ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی دوبارہ تشکیل، 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب

انکوائری کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ آتشزدگی کے وقت فائر سیفٹی کے انتظامات مناسب اور فعال تھے یا نہیں


ویب ڈیسک August 27, 2026

اسلام آباد:

پمز ایم سی ایچ نرسری میں 26 اگست کو پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پمز انتظامیہ نے آتشزدگی کی وجوہات اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی دوبارہ تشکیل دے دی۔

پمز انتظامیہ کی جانب سے نئی انکوائری کمیٹی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عاطف انعام شامی کو انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین اور پروفیسر ڈاکٹر ساجد رفیق عباسی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔

ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر انیزہ جلیل کو انکوائری کمیٹی کی سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر انیزہ جلیل سے وزیراعظم کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے بھی جواب طلب کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ آتشزدگی کے وقت فائر سیفٹی کے انتظامات مناسب اور فعال تھے یا نہیں، جبکہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن کے ردعمل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

کمیٹی کو واقعے کے ذمہ داران کا تعین کرنے اور واضح سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پمز انتظامیہ نے انکوائری کمیٹی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے رپورٹ 48 گھنٹوں میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے دفتر میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

پمز نرسری آتشزدگی کی تحقیقات میں فائر سیفٹی انتظامات سے لے کر ریسکیو آپریشن تک تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر قاسم محمود بٹ کی عدم دستیابی کے باعث انکوائری کمیٹی دوبارہ تشکیل دی گئی ہے۔ نئی کمیٹی کا مقصد آتشزدگی کی وجوہات، حفاظتی انتظامات، ریسکیو کارروائی اور ذمہ داری کا تعین کرنا ہے۔