چینی ادب اور ادب انسانی

زندگی،جذبات،احساسات، خیالات، تجربات، مشاہدات کا خوبصورت اور بامعنی اظہار ہے۔


عبدالحمید August 28, 2026
[email protected]

زندگی،جذبات،احساسات، خیالات، تجربات، مشاہدات کا خوبصورت اور بامعنی اظہار ہے۔انسان نے جب اپنے دل کی کیفیت،اپنے گرد و پیش کے حالات،اپنی خوشیوں،غموں،محبتوں،پسند ناپسند، امیدوں اور خوابوں کو الفاظ میں ڈھالنا شروع کیا تو ادب وجود میں آیا۔اس لحاظ سے ادب انسان اور انسانی معاشرے کی زندگی کا آئینہ دار بھی ہے اورترجمان بھی۔ادب صرف الفاظ کو موزوں کرنے اور خوبصورت انداز میں پیش کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ زندگی کو سمجھنے،محسوس کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کا ایک موثر ذریعہ ہے۔ایک اچھا ادبی فن پارہ قاری کو محض معلومات نہیں دیتا بلکہ اس کے دل و دماغ پر اثر ڈالتا ہے،جذبات پیدا کرتا ہے،کیتھارسس میں مدد دیتا اور اسے زندگی کے مختلف پہلوؤں پر غور کرنے پر اکساتا ہے۔ادب کے لیے انگریزی کا لفظLiteratureہے جو لاطینی لفظLitteraturaسے نکلا ہے،جس کا تعلق تحریر اور حروف سے ہے۔

عام معنوں میں Literatureسے مراد ایسی تحریری یا زبانی تخلیقات ہیں جن میں انسانی زندگی، احساسات، جذبات خیالات اور تجربات کو فنکارانہ انداز میں پیش کیا گیا ہو۔اردو میں ادب کا لفظ عربی زبان سے آیا ہے۔ادب کے لغوی معنی تہذیب،شائستگی،سلیقہ اور حسنِ معاشرت کے بھی ہیں۔ادبی اصطلاح میں ادب سے مراد وہ تخلیقی اظہار ہے جس میں زبان کے ذریعے انسانی زندگی کے مختلف تجربات کو موئثر،خوبصورت اور بامعنی انداز میں پیش کیا جائے۔ایک قد آور محقق اور تنقید نگار آرنلڈ نے کہا کہLiterature deals with Life چونکہ ادب کا زندگی سے بہت گہرا تعلق ہے،اس لیے ادب زندگی سے مواد حاصل کرتا ہے اور فن کے پیرائے میں سامنے لاتا ہے۔

ایک شاعر اپنے علم اور قلبی واردات کو شعر کے پیرائے میں ڈھالتا ہے۔ایک ناول نگار معاشرے کے مسائل کو پلاٹ اور کرداروں کے ذریعے پیش کرتا ہے،جب کہ ایک ڈرامہ نگار، اشخاص اور ان کے مفادات کی کشمکش کو مکالمے اور مناظر کے ذریعے ظاہر کرتا ہے۔ ارسطو کے مطابق ادب اصلاح، تعلیم اور سب سے بڑھ کر تفریح مہیا کرتا ہے۔ ادب آئینہ بھی ہے اور چراغ بھی۔یہ ہمیں صرف یہ نہیں دکھاتا کہ معاشرہ کیسا ہے بلکہ یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ معاشرہ کیونکر ایسا ہے اور اسے کیسا ہونا چاہیئے۔ ادب میں تخیل، وجدان، مطالعہ اور زبان بہت اہم ہیں۔ ادب تاریخ کا متبادل ہرگز نہیں لیکن تاریخی ناول، شاعری، داستانیں اور ڈرامے ہمیں مختلف ادوار کے انسانی احساسات اور معاشرتی حالات سے آگاہ ضرور کرتے ہیں۔

پچھلی تین چار دہائیوں میں چین نے حیرت انگیز ترقی کی ہے۔چین ایک بہت پرانی تہذیب کا امین ہے۔چینی ادب دنیا کے قدیم ترین،وسیع ترین اور مسلسل ترقی کرنے والے ادبی سرمائیوں میں شمار ہوتا ہے۔یہ کم از کم ساڑھے تین ہزار سال پر محیط ہے۔چینی ادب میں شاعری،فلسفہ،تاریخ،نثر،ڈرامہ،ناول و لوک ادب کی ایک شاندار روایت ملتی ہے۔چینی ادب کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس ادب سے صرف ادبی ذوق کی تسکین ہی نہیں ہوتی بلکہ چینی معاشرے کے اخلاق، مذہب،فلسفے،سیاست،تعلیم،تہذیب اور گورننس کی تشکیل میں بھی اس نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔چینی ادب کو سمجھنے کے لیے چینی تہذیب کی بنیادی فکری اساس خصوصاً کنفیوشس ازم،تاؤ ازم اور بدھ ازم کو سمجھنا ضروری ہے۔فلسفے اور مذہبی روایات نے چین کے ادب کے موضوعات،کرداروں، اور اسلوب پر گہرا اثر ڈالا ہے۔چینی ادب سے مراد بنیادی طور پر وہ ادبی تخلیقات ہیں جو چینی زبان میں مختلف ادوار میں وجود میں آئیں۔ یہ رائے کسی حد تک محدود فکر کی نمایندہ ہے۔

چین میں رہنے اور بسنے والے چاہے کسی بھی زبان میں لکھیں اور اظہار کا ذریعہ بنائیں،وہ چینی ادب ہی ہوگا۔قدیم چینی ادب میں شاعری اور فلسفیانہ نثر کو بہت اہمیت حاصل تھی جب کہ بعد کے ادوار میں ناول،افسانہ، اور ڈرامہ زیادہ اہمیت حاصل کرنے لگے۔چینی ادب کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں ادب کو محض تفریح کا ذریعہ نہیں سمجھا گیا بلکہ اسے اخلاق، فلسفے، تعلیم، سیاست،مذہب، ریاست، فطرت،اخلاق، اور معاشرت سے گہرا تعلق رکھنے والی سرگرمی تصور کیا گیا۔چینی ادب نے انسان، خاندان، غربت،اقدار اور انسانی دکھوں کو مختلف انداز میں پیش کیا ۔چینی ادب کی تاریخ کو عام طور پر مختلف ادوار میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں قدیم چینی ادب،کلاسیکی ادب، تانگ دور کا ادب، سونگ دور کا ادب،یوآن دور کا ادب،مِنگ دور کا ادب،چنگ دور کا ادب اور جدید چینی ادب شامل ہیں۔قدیم چینی ادب کی ابتدائی شکلیں، مذہبی رسومات،لوک گیتوں،تاریخی روایات،اخلاقی تعلیمات سے وابستہ تھیں اور شاعری و موسیقی کو بہت اہم مقام حاصل تھا۔قدیم شاعری کا سب سے اہم مجموعہ شیچنگshijingیا گیتوں کی کتاب ہے جسے بہت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

چینی ادب پر سب سے زیادہ اثر ڈالنے والی شخصیت میں کنفیوشس کا نام سب سے نمایاں ہے۔وہ بنیادی طور پر ایک فلاسفر اور استاد تھا۔اس کی تعلیمات میں آپ کو والدین کا احترام، بڑوں کی عزت و تکریم،اخلاقی کردار،انصاف،نظم و ضبط اور معاشرتی ذمے داریوں کے اسباق ملیں گے۔ کنفیوشس کی تعلیمات نے چینی ادب کو ایک اخلاقی اور اصلاحی مزاج عطا کیا۔چینی معاشرے پر دوسرا فکری اثر تاؤ مت کا ہے۔اس روایت کے اہم ترین مفکر لاؤزے تھے۔تاؤ مت انسان کو فطرت کے قریب رہنے،سادگی اپنانے اور زندگی کے فطری بہاؤ کے ساتھ چلنے کی تعلیم دیتا ہے۔تقریباً پہلی صدی عیسوی میں بدھ مت چین پہنچا اور وقت کے ساتھ ساتھ چینی ادب پر اس کی چھاپ گہری ہوتی گئی۔بدھ مت کے زیرِ اثر چینی ادب میں ایک خاص قسم کی روحانی اور فلسفیانہ گہرائی پیدا ہوئی۔

سیماچیاں قدیم چین میں ایک اور عظیم مورخ تھا۔یو آن دور میں چینی ڈرامے نے خوب ترقی کی اسی دور میںGuan Honjingبھی ایک مشہور ڈرامہ نگار تھا۔چینی ادب کے مشہور ڈراموں میں1. Romance of the Three kingdoms,2,Journey to the west,3.Dream of the Red Chamber شامل ہیں۔جدید چینی ادب۔20ویں صدی عیسوی میں چین میں سیاسی،سماجی اور فکری تبدیلیاں آئیں۔ان تبدیلیوں نے ادب کو بھی خاصا متاثر کیا اور ایک نئی روح پھونک دی۔May Fourth Movement کی تحریک سے وابستہ ادیبوںنے عام فہم زبان استعمال کرنے پر زور دیا، پرانی روایات پر تنقید کی،فرد کی آزادی کو مقدم جانا، جدید تعلیم اور خواتین کے حقوق پر زور دیا،سماج کے اصلاح کا بیڑہ اُٹھایا اور سائنسی فکر کو فروغ دیا۔اسی تحریک کے نتیجے میں آزاد نظم لکھی جانے لگی۔چینی ادب میں عورت کی زندگی اور معاشرتی حیثیت بھی موضوعِ ادب رہی ہے۔ موجودہ دور میں چین کے بڑھتے اثر و رسوخ نے چینی ادب کو ایشیا اور دنیا کے دوسرے خطوں کے ادب کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔