راولپنڈی میں گرین بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر والد کے ساتھ سوار بچی جاں بحق

حادثے میں والد اور دوسری بچی محفوظ رہے، مشتعل افراد نے بس کے شیشے توڑ دیے


ویب ڈیسک September 09, 2026

راولپنڈی:

تھانہ صدر بیرونی کے علاقے منور کالونی، اڈیالہ روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں پنجاب گرین بس سروس کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ایک بچی جاں بحق ہوگئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کے وقت بچی اپنے والد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھی جبکہ بس کی ٹکر کے نتیجے میں والد اور دوسری بچی محفوظ رہے۔ واقعے کے فوری بعد شہریوں نے بس ڈرائیور کو قابو کرلیا۔

حادثے کے بعد موقع پر موجود افراد مشتعل ہوگئے اور انہوں نے بس پر پتھراؤ کرکے اس کے شیشے توڑ ڈالے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

پولیس کے مطابق صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم اور ایس پی صدر انعم شیر بھی موقع پر پہنچ گئیں اور حالات کا جائزہ لیا۔