واٹس ایپ پلس صارفین کے لیے ری ایکشن فیچر میں بڑی تبدیلی کی تیاری

یہ فیچر فی الحال کچھ بیٹا ٹیسٹرز کے لیے جاری کیا جا رہا ہے


ویب ڈیسک September 24, 2026

انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک نیا کسٹمائزیشن فیچر متعارف کرانا شروع کردیا ہے، جس کے ذریعے بعض پریمیم سبسکرائبرز میسجز پر نظر آنے والے ڈیفالٹ ایموجی ری ایکشنز کو اپنی پسند کے ایموجیز سے تبدیل کرسکیں گے۔

یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ بِیٹا فار اینڈرائیڈ کا 2.26.38.4 ورژن استعمال کرنے والے کچھ بیٹا ٹیسٹرز کے لیے جاری کیا جا رہا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق فیچر مرحلہ وار رول آؤٹ کیا جا رہا ہے، اس لیے تمام اہل صارفین تک پہنچنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

عام طور پر واٹس ایپ کسی پیغام پر ری ایکشن دینے کے لیے چھ ڈیفالٹ ایموجیز دکھاتا ہے۔ نئے فیچر کے ذریعے صارفین ان چھ میں سے کسی ایک یا تمام ایموجیز کو اپنی پسند کے ایموجیز سے تبدیل کرسکیں گے۔

صارفین مکمل ایموجی کی بورڈ میں سے اپنی پسند کا کوئی بھی ایموجی منتخب کرکے اسے چھ ری ایکشن سلاٹس میں سے کسی ایک کے ساتھ منسلک کرسکتے ہیں۔ انتخاب محفوظ کرنے کے بعد نئے ایموجیز فوری طور پر ری ایکشن ٹرے میں ظاہر ہونے لگیں گے۔

ری ایکشن ایموجیز کیسے تبدیل کریں؟

صارفین واٹس ایپ کی سیتنگز میں جائیں، پھر چیٹس کھولیں اور ڈیفالٹ ری ایکشنز کے آپشن میں جاکر اپنی پسند کے ایموجیز منتخب کرسکتے ہیں۔

فیچر فی الحال محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے اور مرحلہ وار مزید صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے۔