پنجاب بھر میں وائلڈلائف کرائمز کے خلاف کارروائیوں کے دوران ٹک ٹاکر ایمان علی سمیت 30 ملزمان کے چالان کر دیا گیا اور کارروائیوں میں تقریباً دو درجن جنگلی پرندے بازیاب کرلیے گئے، بٹیر اور فالکن کے 36 نیٹنگ گیئرز ضبط اور 27 ملزمان پر مجموعی طور پر 9 لاکھ 19 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا اور دو ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔
ترجمان وائلڈلائف رینجرز پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں وائلڈلائف کرائمز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور چکوال میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر مرزا عابد حسین نے سوشل میڈیا پر غیرقانونی شکار کی تصاویر اپ لوڈ کرنے پر ٹک ٹاکر ایمان علی کا چالان کرکے 90 ہزار روپے جرمانہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران بٹیر کے ایک غیرقانونی شکاری کو 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، 14 مور غیرقانونی قبضے میں رکھنے والے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی، بازیاب کیے گئے مور جوہرآباد وائلڈلائف پارک منتقل کر دیے گئے۔
ساہیوال ریجن میں ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر سید عثمان الحسن کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز اوکاڑہ اور پاکپتن نے فالکن اور بٹیر کے غیرقانونی شکار میں ملوث 6 افراد کے چالان کیے، فالکن کے ایک شکاری کے خلاف مقامی تھانے میں مقدمہ درج جبکہ بٹیر کے 5 شکاریوں کو مجموعی طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیے گئے۔
اٹک میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر رضوانہ عزیز نے بٹیر کے غیرقانونی قبضے میں ملوث 4 افراد اور 2 تاجروں کو گرفتار کرکے 5 بٹیر برآمد کیے، 6 ملزمان کو مجموعی طور پر 90 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا، پنجرے تلف کرکے بٹیر قدرتی ماحول میں آزاد کر دیے گئے اور ایک شکاری کو ٹیپ ریکارڈر سمیت گرفتار کرکے 25 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔
ڈیرہ غازی خان میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر کاشف حمید نے بٹیر کے 19 نیٹنگ گیئرز ضبط کرکے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی، کونجوں کے غیرقانونی قبضے پر دو افراد کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا اور تین کونجیں منی زو تونسہ منتقل کر دی گئیں۔
اسی طرح بٹیر کے 5 غیرقانونی شکاریوں کے خلاف چالان کرکے انہیں مجموعی طور پر ایک لاکھ 95 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
گوجرانوالہ میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر تبسم ایمان نے بٹیر کے ایک غیرقانونی شکاری کا چالان کرکے 50 ہزار روپے جرمانہ کیا اور ایک نیٹنگ گیئر ضبط کر لیا۔
خوشاب میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر فریحہ شیرازی نے فالکن، بٹیر اور خرگوش کے 5 شکاریوں کے چالان کیے، ایک ملزم کے خلاف مقدمہ درج جبکہ 4 ملزمان کو مجموعی طور پر 95 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
نارووال میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر حنیفہ یوسف نے مرغابی کے ایک غیرقانونی شکاری کو گرفتار کرکے 69 ہزار روپے جرمانہ کیا۔
ملتان ریجن میں ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر رائے زاہد علی کی سربراہی میں وائلڈلائف رینجرز خانیوال نے بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئر ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کردی، ننکانہ صاحب میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر عائشہ صالح نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے بٹیر کا ایک نیٹنگ گیئر ضبط کیا اور ملزم کو 25 ہزار روپے جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا۔