قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتیجے ےک مطابق کامیابی حاصل کرلی۔
بہاولپور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-168 کے ضمنی انتخاب میں ملک منیر اقبال چنڑ تمام 292 پولنگ اسٹیشنز سے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق 79 ہزار 306 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال کے مقابلے میں آزاد امیدوار ولی داد چیمہ نے 42 ہزار 623 ووٹ حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
قومی اسمبلی کی بہاولپور سے نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال کی وفات کے باعث خالی ہوگئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک منیر اقبال چنڑ کو ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارک باد، ملک منیر اقبال چنڑ کے بھائی اورڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کو بھی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ کامیابی عوام کے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک منیر اقبال چنڑ کے والد ملک محمد اقبال چنڑ نے قائد نواز شریف کے ساتھ طویل عرصہ پارٹی سے وفاداری نبھائی، انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، ان کے صاحبزادے کی کامیابی اسی وفاداری اور عوامی خدمت کے تسلسل کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کرکے اپنے نمائندے کا انتخاب کیا ہے۔