گڈز ٹرانسپورٹرز کیلئے موٹرویز کھولی جائیں، ایسوسی ایشن کا مطالبہ

ہماری سیکڑوں کمرشل گاڑیاں مختلف انٹرچینجز پر کھڑی ہیں اور انہیں موٹروے پر رسائی نہیں دی جا رہی، اویس چوہدری


ویب ڈیسک September 28, 2026

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے موٹرویز کھولی جائیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ  عوام کے لیے سڑکیں اور موٹرویز کھول دی گئی ہیں لیکن گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے آج بھی ایم ون اور ایم ٹو موٹروے بند ہیں۔ ہماری سیکڑوں کمرشل گاڑیاں مختلف انٹرچینجز پر کھڑی ہیں اور انہیں موٹروے پر رسائی نہیں دی جا رہی۔

محمد اویس چوہدری نے کہا کہ ہماری گاڑیوں میں اشیائے ضروریہ اور عوام کے استعمال کا سامان موجود ہے، اس لیے گڈز ٹرانسپورٹرز کے لیے موٹرویز اور سڑکیں بند رکھنا بلاجواز ہے۔ کراچی سے آنے والی سپلائی لائن بھی شدید متاثر ہو چکی ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ فوری بند کی جائے اور ایم ون، ایم ٹو سمیت موٹرویز کمرشل گاڑیوں کے لیے فوری کھولی جائیں۔

محمد اویس چوہدری نے کہا کہ پنجاب، راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں ہماری گاڑیاں پکڑی جا رہی ہیں، جبکہ متعدد گاڑیاں 20، 20 دن سے تحویل میں ہیں لیکن تاحال کوئی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا اور نہ ہی ادائیگی کا کوئی واضح طریقہ کار بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا میں کنٹینرز کے کرایوں کی مد میں 4 کروڑ روپے سے زائد رقم روزانہ خرچ ہونے کے اعداد و شمار گردش کر رہے ہیں جبکہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو کوئی رقم ادا نہیں کی جا رہی۔ ہم حکومت کے اعلیٰ حکام تک اپنے مسائل بارہا پہنچا چکے ہیں۔ حکومت فوری طور پر ہماری گاڑیاں ریلیز کرے اور گڈز ٹرانسپورٹرز کو آزادانہ نقل و حمل کی اجازت دی جائے۔