لاہور: غیر ملکی خاتون سے اجتماعی زیادتی میں ملوث ایک مرکزی ملزم گرفتار

متاثرہ خاتون کا عدالت میں بیان قلمبند، ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں جنسی زیادتی کی تصدیق


ویب ڈیسک September 28, 2026

لاہور:

ڈیفنس سی کے علاقے میں غیر ملکی لڑکی کیساتھ زیادتی کے واقعہ میں ملوث ایک مرکزی ملزم محسن کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق دیگر دو ملزمان احمد تنویر اور اسکا ساتھی زین تاحال مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔

متاثرہ غیر ملکی لڑکی ڈیانا کو مبینہ زیادتی کے کیس کی سماعت کے لیے پیر کو سخت سیکیورٹی میں لاہور کی کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ محمد صغیر کے روبرو غیر ملکی خاتون کا دفعہ 164 کے تحت بیان قلمبند کیا گیا۔

خاتون کا ایک گھنٹے سے زائد وقت تک بیان ریکارڈ کیا گیا، بیان قلمبند ہونے کے بعد خاتون کو خفیہ راستے سے احاطہ عدالت سے باہر لے جایا گیا۔

دوسری جانب متاثرہ خاتون کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں جنسی زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادتی اور رضامندی سمیت تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے بعد ڈی این اے کروایا جائے گا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سہولت کاری میں خاتون سمیت گرفتار 3 افراد نے معاملہ مشکوک بنا دیا ہے، متاثرہ غیر ملکی خاتون کی ٹریول ہسٹری اور بیانات بھی مشکوک ہیں۔ لڑکی کے کپڑے کے کاروبار کرنے کے شواہد بھی نہیں مل سکے، لڑکی کے تین بار لاہور آنے کی وجوہات بھی مشکوک ہیں، لڑکی کا لاہور آنے پر متعدد افراد کے ساتھ رابطہ رہا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ ڈیفنس سی میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج ہے، پولیس نے ابتدائی طور پر اس کیس میں 5 افراد کو حراست میں لیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے، حراست میں لیے گئے افراد مبینہ ملزمان کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔

پولیس کے مطابق زیرحراست افراد سے ملنے والی معلومات اور دیگر شواہد کی روشنی میں مرکزی ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

غیر ملکی خاتون نے پولیس کو اپنے ابتدائی بیان میں بتایا تھا کہ وہ گزشتہ 15 سے 20 روز سے کاروباری سلسلے میں پاکستان میں مقیم ہے۔ خاتون کے مطابق 25 ستمبر کی رات 2 نامعلوم لڑکیاں اسے ڈنر کے لیے ایک کیفے میں لے گئیں، جہاں 3 نامعلوم مرد موجود تھے۔

خاتون نے الزام لگایا کہ مذکورہ افراد اسے گاڑی پر سیر کروانے کے بہانے ایک فلیٹ پر لے گئے، جہاں اسے مبینہ طور پر نشہ آور چیز پلا کر بے ہوش کیا گیا اور تینوں افراد نے باری باری اس سے مبینہ زیادتی کی۔