امریکا نے ایران سے عراق کے مقدس شہر نجف آنے اور جانے والے زائرین کے لیے عراقی ایئرلائنز کو پابندیوں سے مشروط استثنیٰ دے دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس بات کی تصدیق عراقی حکومت کے باخبر عہدیدار اور نجف ایئرپورٹ کے ذرائع نے کی ہے۔
نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر انھوں نے بتایا کہ امریکی اجازت سے عراقی فضائی کمپنیاں ایران اور نجف کے درمیان پروازیں چلا سکیں گی تاہم پروازوں کا حتمی شیڈول ابھی جاری نہیں کیا گیا۔
رائٹرز کی رپورٹ میں باوثوق ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خزانہ نے عراقی ایئرلائنز کو ایک ماہ کے لیے خصوصی استثنیٰ دیا ہے جس میں توسیع کا امکان بھی موجود ہے۔
جس کے لیے عراق نے امریکا کو ان پروازوں کے مسافروں کی سخت جانچ پڑتال اور معلومات کے تبادلے سمیت حفاظتی اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے تاکہ ان پروازوں کے ذریعے ہتھیاروں، پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد یا غیرقانونی رقوم کی منتقلی روکی جاسکے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے نمائندے سے گفتگو میں عراق کی وزارتِ نقل و حمل کے حکام نے بتایا کہ ضروری تکنیکی اور انتظامی تقاضے پورے ہونے کے بعد اکتوبر میں نجف سے پروازیں شروع کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ امریکا کی ایرانی ایئرلائنز پر پابندیوں کے نفاذ کے بعد 25 ستمبر کو عراق کے مختلف ہوائی اڈوں سے ایران آنے اور جانے والی پروازیں معطل کردی گئی تھیں۔
امریکی پابندیوں کے نتیجے میں نجف آنے والے زائرین کے علاوہ ایران میں زیرِ تعلیم عراقی طلبا اور علاج کے لیے سفر کرنے والے مریض بھی متاثر ہوئے تھے۔
جس پر عراقی حکومت نے انسانی ہمدردی، مذہبی زیارت اور تعلیمی مقاصد کے لیے امریکی حکومت سے استثنیٰ طلب کیا تھا۔
واضح رہے کہ تاحال امریکا کی جانب سے نجف کے لیے ایرانی پروازوں پر عائد پابندیوں سے ایک ماہ کی استثنیٰ کی باضابطہ طور تردید یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے تاہم عراقی حکومت کا دعویٰ ہے کہ معاملات طے پا گئے ہیں۔