کوئٹہ میں نیوز ایجنسی کے دفتر میں نامعلوم شخص کی فائرنگ بیوروچیف سمیت 3افراد جاں بحق

مسلح شخص اچانک نیوز ایجنسی کے دفتر میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، صوبائی سیکریٹری داخلہ


ویب ڈیسک August 29, 2014
مسلح شخص اچانک نیوز ایجنسی کے دفتر میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، صوبائی سیکریٹری داخلہ فوٹو:آن لائن

نامعلوم مسلح شخص نے نیوزایجنسی کےدفتر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بیوروچیف سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے۔


صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح شخص اچانک نیوز ایجنسی کے دفتر میں داخل ہوا اور اس نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں نیوز ایجنسی کے بیوروچیف ارشاد مستوئی اور اکاؤنٹنٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایجنسی کا رپورٹر فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج چل بسا۔


جاں بحق کئے جانے والے نیوز ایجنسی کے بیوروچیف ارشاد مستوئی کوئٹہ یونین آف جرنلسٹ کے جرنل سیکریٹری بھی تھے جب کہ کوئٹہ پولیس چیف کے مطابق حملے کی ذمہ داری تاحال کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی۔


واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں 7 صحافیوں کو قتل کردیا گیا تھا جس میں سے 4 صحافی بلوچستان میں قتل ہوئے۔