فاروق ایچ نائیک جوڈیشل کمیشن کی رکنیت سے مستعفی، بلاول بھٹو نامزد

سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے ذاتی وجوہات کی بنا پر بطور رکن جوڈیشل کمیشن استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو ارسال کردیا


ویب ڈیسک October 07, 2026
فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سینیٹر فاروق ایچ نائیک کے استعفے کے بعد جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے لیے نامزد کردیا گیا۔

پی پی پی سے تعلق رکھنے والے رکن جوڈیشل کمیشن سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے ذاتی وجوہات کے باعث بطور جوڈیشل کمیشن کے ممبر استعفیٰ دیا اور انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو ارسال کیا۔

چیئرمین سینیٹ کو بھجوائے گئے استعفے کے متن میں کہا گیا کہ آرٹیکل 175اے 2 کے تحت میں ممبر جوڈیشل کمیشن نامزد ہوا لیکن ذاتی مصروفیات کے باعث بطور ممبر جوڈیشل کمیشن ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتا اور بطور ممبر جوڈیشل کمیشن عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ حکومت کی طرف سے بطور سینیٹر جوڈیشل کمیشن رکن بننا میرے لیے اعزاز رہا۔

بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے لیے نامزد کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی نامزدگی کا باضابطہ نوٹی فکیشن عنقریب جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان وہ اہم آئینی فورم ہے جو اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تعیناتی کا فیصلہ کرتا ہے۔