پاک فوج کی ملائیشین فوج کے ساتھ انسداد دہشت گردی مشق اختتام پذیر

یہ مشق دونوں ممالک کی افواج کے درمیان مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق کا چوتھا ایڈیشن تھا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک October 15, 2026
فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج اور ملائیشیا کی فوج کے درمیان مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق ’ہریماؤ مارخور-فور‘  نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں اختتام پذیر ہوگئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ مشق دونوں ممالک کی افواج کے درمیان مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق کا چوتھا ایڈیشن تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ مشق کے دوران انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تجربات کا تبادلہ، آپریشنل مشقوں اور طریقہ کار بہتر بنانے اور بہترین عملی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے جنگی صلاحیتوں میں اضافے پر توجہ مرکوز کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس مشترکہ مشق سے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ فوجی تعاون کی اہمیت اجاگر ہوئی جبکہ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔