پشاور: پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ پسپا، اہلکار شہید

پولیس نے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے


ویب ڈیسک October 16, 2026
فوٹو: فائل

پشاور:

دہشت گردوں کے پولیس پوسٹ پر حملے کے دوران بھرپور جوابی کارروائی  میں ایک بہادر کانسٹیبل جامِ شہادت نوش کر گیا۔

سی سی پی او پشاور کے مطابق گزشتہ رات حسن خیل کی سپین میلہ پولیس پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جہاں ڈیوٹی پر مامور پولیس جوانوں نے غیر معمولی دلیری اور ثابت قدمی کے ساتھ دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

اس دوران شدید جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران متعدد حملہ آور دہشت گردوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، جن کی تصدیق کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہناہے کہ علاقے میں فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور فرار ہونے والے دہشت گردوں کی سخت تلاش جاری ہے۔