سان فرانسسکو: امریکا کے شہر سلیکون ویلی میں پاک امریکا ٹیک کنیکٹ 2026 کا تیسرا ایڈیشن منعقد ہوا، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان ٹیکنالوجی، جدت اور ڈیجیٹل کاروبار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا گیا۔
اس کانفرنس میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے شرکت اور شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اقتصادی تعلقات کا اہم ستون ہے۔
انہوں نے پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے امریکی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور نئی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
کانفرنس میں پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں، صنعت کاروں، کاروباری شخصیات اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی صلاحیتوں، امریکی مارکیٹ میں کاروبار کے مواقع اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
کانفرنس کے دوران ’’پاکستان سے سلیکون ویلی تک: عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی تعمیر اور توسیع‘‘ کے عنوان سے پینل مباحثہ بھی ہوا۔ اس میں امریکی مارکیٹ میں داخلے، بڑے کاروباری اداروں کے ساتھ کام کرنے، عالمی سطح پر ٹیموں کو وسعت دینے اور مصنوعی ذہانت سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے فائدہ اٹھانے کے موضوعات زیر بحث آئے۔
پاکستان کی نامور آئی ٹی کمپنیوں نے اپنی سرگرمیوں اور تجربات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جبکہ امریکی مارکیٹ میں ٹیکنالوجی کے فروغ اور کاروباری شراکت داریوں کے قیام سے متعلق خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کے مطابق ٹیک کنیکٹ 2026 کا آغاز سلیکون ویلی سے کیا گیا ہے جبکہ اس سلسلے کی مزید کانفرنسیں 19، 21 اور 23 اکتوبر کو بالترتیب ڈیلاس، واشنگٹن ڈی سی اور شکاگو میں منعقد ہوں گی۔
انہوں نے امریکی مغربی ساحل پر مقیم پاکستانی نژاد امریکی ماہرین پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو معیاری، کم لاگت اور مسابقتی ٹیکنالوجی کی منزل کے طور پر متعارف کرانے میں کردار ادا کریں۔
رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاک امریکا ٹیک کنیکٹ جیسے پلیٹ فارم پاکستان کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، نئی شراکت داریوں کے قیام اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے درمیان طویل مدتی روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔