سندھ ہائیکورٹ نے فلم گھوسٹ اسکول کی مشروط عوامی نمائش کی اجازت دے دی

سندھ سنسر بورڈ نے واضح اور معقول قانونی وجوہات پیش نہیں کیں، عدالتی فیصلہ


ناصر بٹ October 19, 2026
فوٹو فائل

سندھ ہائیکورٹ نے فلم گھوسٹ اسکول کی عوامی نمائش کی مشروط اجازت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس یوسف علی سعید اور جسٹس عدنان اقبال چوہدری پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جے جے سیماب گل و دیگر کی درخواست پر فلم "گھوسٹ اسکول" کی عوامی نمائش کی مشروط اجازت دے دی ہے۔

فلم "گھوسٹ اسکول" کو وفاقی (سینٹرل) اور پنجاب سنسر بورڈز پہلے ہی نمائش کے لیے پاس کر چکے تھے لیکن سندھ سنسر بورڈ نے بغیر کوئی واضح وجہ بتائے اس کی سرٹیفکیشن روک دی تھی۔

عدالت نے پہلے بھی بورڈ کو قانون کے مطابق ازسرنو فیصلہ کرنے اور فلم سازوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر سندھ سنسر بورڈ دیگر صوبوں سے مختلف فیصلہ کرنا چاہتا تھا تو اس کے لیے واضح اور معقول قانونی وجوہات پیش کرنا ضروری تھا جو نہیں کی گئی۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ فلم سازوں کی جانب سے اعتراض نمبر 7 (ایک مخصوص جملے) کو ہٹائے جانے کے بعد سندھ سنسر بورڈ 10 دنوں کے اندر فلم کی سرٹیفکیشن پر دوبارہ غور کرے۔ بورڈ یا تو فلم کو عام نمائش کے لیے سرٹیفکیٹ جاری کرے یا پھر کوئی اور تحفظات ہوں تو فلم سازوں کو ذاتی سماعت کا موقع دے کر قانون کے مطابق نئی کیٹیگری یا ہدایات جاری کرے لیکن بورڈ اپنے پرانے اعتراضات سے باہر جاکر کوئی نیا اعتراض عائد نہیں کرسکتا۔